جہلم ویلی، لمنیاں میں حادثہ، موٹر سائیکل سوار ہی جاں بحق

جہلم ویلی: آزاد کشمیر کے ضلع جہلم ویلی کے نواحی علاقے لمنیاں میں ریڈ فاؤنڈیشن ہائی سکول کے قریب افسوسناک موٹر سائیکل حادثے کے نتیجے میں موٹر سائیکل سوار موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا۔

حادثے میں جاں بحق ہونے والے شخص کی شناخت محمد اشرف کے نام سے ہوئی ہے، جو مظفرآباد کا رہائشی بتایا جاتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: وادی نیلم میں ڈمپر حادثہ ،چلہانہ کا رہائشی ڈرائیور موقع پر جاں بحق

 ابتدائی اطلاعات کے مطابق محمد اشرف مختلف سکولوں میں کرتب شو کرنے کا کام کرتا تھا اور اسی سلسلے میں کسی سکول میں جا رہا تھا۔

حادثے کی اطلاع ملتے ہی مقامی افراد کی بڑی تعداد موقع پر پہنچ گئی، جنہوں نے صورتحال کا جائزہ لیا، جبکہ پولیس بھی جائے حادثہ پر پہنچ گئی اور ضروری کارروائی شروع کر دی۔

واقعے کے بعد علاقے میں افسوس کی فضا پھیل گئی۔ حادثہ کن وجوہات کی بنا پر پیش آیا، اس حوالے سے تاحال تفصیلات سامنے نہیں آ سکیں۔

یہ بھی پڑھیں:ترکیہ ، اسٹیل فیکٹری میں خوفناک آتشزدگی سے 16افراد جاں بحق