خاتون اینکر ربیعہ احسن کے قتل کا مقدمہ درج، اہم انکشافات سامنے آگئے

راولپنڈی پولیس نے نجی ٹی وی کی اینکر پرسن اور پروگرام میزبان ربیعہ احسن کے قتل کا مقدمہ درج کرلیا ہے جس میں مقتولہ کے شوہر احسن طاہر کو نامزد کیا گیا ہے۔

نجی چینل سے وابستہ 41 سالہ اینکر پرسن ربیعہ احسن کو بروز اتوار راولپنڈی کے علاقے اڈیالہ روڈ پر واقع گلشن آباد سیکٹر 2 میں گھر کے بیڈ روم میں گولی مار کر قتل کیا گیا تھا۔ ابتدائی تفتیش میں ان کے شوہر نے فائرنگ کو حادثاتی قرار دیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں:پسند کی شادی کا اندوہناک انجام،میاں بیوی اور2 کمسن بچے قتل

پولیس کے مطابق ایف آئی آر مقتولہ کے بھائی خرم احمد کی مدعیت میں راولپنڈی کے تھانہ صدر بیرونی میں درج کی گئی ہے جس میں دفعہ 302 اور پنجاب آرمز ترمیمی آرڈیننس کی دفعہ بھی شامل کی گئی ہے۔

ایف آئی آر کے مطابق مدعی اسلام آباد سے اپنی بہن کے گھر جا رہا تھا کہ راستے میں بہن علوینہ نے فون کرکے گھر میں فائرنگ کی اطلاع دی۔

ایف آئی آر میں کہا گیا ہے کہ مقتولہ کی والدہ اور بہن مقتولہ کے گھر میں ہی رہائش پذیر تھیں اور جس وقت گولی چلی وہ اس وقت گھر کے لان میں موجود تھیں۔

درج مقدمہ میں مزید کہا گیا ہے کہ مقتولہ کی بہن گولی کی آواز سن کر کمرے میں پہنچی تو ربیعہ احسن خون کو فرش پر خون میں لت پت پایا جبکہ ان کے شوہر احسن طاہر کے ہاتھ میں پستول تھا۔

مدعی نے ایف آئی آر میں الزام عائد کیا ہے کہ احسن طاہر نے ان کی بہن کو گولی مار کر قتل کیا۔

پولیس کے مطابق مقتولہ کی لاش جس وقت تحویل میں لی گئی اس وقت اس کے گلے کے نیچے اور پشت پر زخم کے نشان تھے جن سے خون رس رہا تھا۔ پولیس کے مطابق فرانزک ٹیم نے جائے وقوعہ سے شواہد جمع کیے اور 30 بور کا پستول اور گولیاں تحویل میں لے لیں۔

یہ بھی پڑھیں:وادی نیلم: نگینہ بی بی کے مبینہ قتل کیس میں فرانزک رپورٹ میں تاخیر، متاثرہ والد کا انصاف کا مطالبہ

ملزم احسن طاہر نے پولیس کو بتایا کہ اس نے اسی پستول سے اپنی بیوی پر فائر کیا تاہم وہ اسلحے کا لائسنس یا اجازت نامہ پیش نہیں کرسکا۔

ذرائع کے مطابق ربیعہ احسن کے شوہر اوورسیز پاکستانیز فاؤنڈیشن (او پی ایف) میں ڈپٹی ڈائریکٹر کے عہدے پر تعینات ہیں۔ مقتولہ 2 بیٹیوں کی والدہ تھیں۔ انہیں مبینہ طور پر اتوار کی رات تقریباً 3 بجے فائرنگ کرکے قتل کیا گیا۔