نمایاں سماجی خدمات، 8پاکستانی نوجوانوں نے ڈیانا ایوارڈز جیت لئے

 پاکستان کے 8 باصلاحیت نوجوانوں نے بین الاقوامی سطح پر ملک کا نام روشن کردیا، تعلیم، صحت، خواتین کو بااختیار بنانے، قانونی معاونت، پولیو کے خاتمے اور پسماندہ طبقات کی فلاح و بہبود کے لیے نمایاں خدمات انجام دینے پر انہیں 2026 کے معروف ڈیانا ایوارڈ سے نوازا گیا ہے۔

 رپورٹ دنیا بھر سے مجموعی طور پر 198 نوجوانوں کو اس اعزاز کے لیے منتخب کیا گیا ہے۔ یہ ایوارڈ ان نوجوان سماجی کارکنوں کو دیا جاتا ہے جو اپنی کمیونٹیز میں مثبت تبدیلی لانے اور معاشرتی مسائل کے حل کے لیے عملی اقدامات کرتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستانی نژاد سرجن ڈاکٹر آصف حسن نے برطانیہ کا لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ جیت لیا

ڈیانا ایوارڈ شہزادی ڈیانا کی یاد میں قائم کیا گیا تھا، جس کا مقصد ایسے نوجوانوں کی حوصلہ افزائی کرنا ہے جو معاشی اور سماجی طور پر پسماندہ طبقات کی زندگیوں میں بہتری لانے کے لیے کام کررہے ہیں۔

یہ اعزاز اقوام متحدہ کے پائیدار ترقیاتی اہداف کے چار اہم شعبوں، معیاری تعلیم، بہتر صحت، عدم مساوات میں کمی اور ماحولیاتی تحفظ سے متعلق نوجوانوں کے منصوبوں اور اقدامات کو تسلیم کرتا ہے۔

پاکستانی اعزاز یافتگان میں علی اعزاز احمد منج، اریبہ سلیمان، مریم رحمان، محمد ابراہیم، نور عبدالغنی، ریا یاسر خواجہ، سارہ علی اور وشال پرکاش شامل ہیں۔

شہزادہ ولیم اور شہزادہ ہیری کے مبارک باد کے خطوط

ڈیانا ایوارڈ کے اعلان کے بعد پاکستانی نوجوانوں کو کینسنگٹن پیلس کی جانب سے مبارک باد کے خطوط موصول ہوئے۔ یہ محل شہزادہ ولیم اور ان کی اہلیہ کیٹ کے دفتر سے متعلق ہے، جبکہ شہزادہ ہیری کی جانب سے بھی اعزاز یافتگان کے لیے پیغامات بھیجے گئے۔

شہزادہ ولیم نے اپنے خط میں اریبہ سلیمان کی ثابت قدمی، حوصلے، ہمدردی اور دوسروں کی مدد کے جذبے کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی کمیونٹی اور اردگرد کے لوگوں کی زندگیوں پر قابلِ ذکر مثبت اثرات مرتب کررہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ دنیا میں تبدیلی لانا آسان نہیں، تاہم مشکلات کے باوجود نوجوانوں نے غیر معمولی حوصلے اور دوسروں کے لیے خیرخواہی کے جذبے کا مظاہرہ کیا ہے۔

1۔ علی اعزاز احمد

علی اعزاز احمد منج نے کراچی اور دیہی سندھ کے ان علاقوں میں صحت کی سہولیات کی فراہمی کے لیے کام کیا جہاں طبی وسائل محدود ہیں۔

انہوں نے گزشتہ پانچ برس کے دوران ہیومینٹی انیشی ایٹو کے ساتھ مل کر طلبہ کی زیر نگرانی میڈیکل کیمپ لگانے اور مختلف غیر سرکاری تنظیموں کے تعاون سے طبی خدمات فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔

ان کی کوششوں سے اب تک 10 ہزار سے زائد مریض طبی سہولیات سے مستفید ہوچکے ہیں۔

2۔ اریبہ سلیمان:

اریبہ سلیمان نے ڈیرہ غازی خان میں طلبہ کی جانب سے قائم کیے گئے پہلے نوجوانوں کے ادارے شی رائز پاکستان کی بنیاد رکھی۔

انہوں نے جنوبی پنجاب میں نوجوان خواتین کے لیے تعلیم میں مساوی مواقع اور قیادت کی صلاحیتیں پیدا کرنے کے لیے ایک وسیع نیٹ ورک قائم کیا۔ان کی کوششوں سے اب تک 6 ہزار سے زائد طلبہ براہ راست مستفید ہوچکے ہیں۔

3۔ مریم رحمان

قانون اور مالیات کی تعلیم حاصل کرنے والی مریم رحمان نے یونیورسٹی میں دورانِ تعلیم پرو جسٹس پروجیکٹ کے نام سے ایک فلاحی قانونی منصوبہ شروع کیا۔

اس منصوبے میں 250 سے زائد رضاکار وکلا شامل ہیں جو مستحق افراد کو بلا معاوضہ قانونی معاونت فراہم کرتے ہیں۔

اس نیٹ ورک کے ذریعے پاکستان بھر میں ایک ہزار سے زائد مقدمات میں لوگوں کی مدد کی جاچکی ہے۔

مریم رحمان نے 200 سے زائد لڑکیوں کو مفت مباحثے کی تربیت بھی فراہم کی، جس سے ان میں خود اعتمادی، تنقیدی سوچ اور عوامی سطح پر اظہار خیال کی صلاحیتوں کو فروغ ملا۔

4۔ محمد ابراہیم

محمد ابراہیم نے قدرتی آفات سے متاثرہ افراد کی مشکلات دیکھتے ہوئے ٹیکنالوجی کو انسانی خدمت کے لیے استعمال کرنے کا فیصلہ کیا۔

انہوں نے پنجاب حکومت کے ساتھ مل کر جغرافیائی معلوماتی نظام (GIS) کے ذریعے سیلاب سے ہونے والے نقصانات کا جائزہ لینے اور متاثرہ علاقوں میں سروے کرنے کا کام کیا۔

5۔ نور عبدالغنی

نور عبدالغنی نے سائنس اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں خواتین اور مردوں کے درمیان موجود فرق کم کرنے کے لیے وِن سائنس پاکستان (WinSci Pakistan) کی بنیاد رکھی۔

وہ مشین لرننگ انجینئر ہیں اور مصنوعی ذہانت میں ماسٹرز کی تعلیم حاصل کررہی ہیں۔

6۔ ریا یاسر خواجہ

ریا یاسر خواجہ دبئی کے نورڈ اینگلیا انٹرنیشنل اسکول کی طالبہ ہیں۔ انہوں نے کے سی ایس فاؤنڈیشن کے تعاون سے سیف (SAFE) یعنی سینیٹیشن اینڈ فیمیل امپاورمنٹ کے نام سے منصوبہ شروع کیا۔

اس منصوبے کا مقصد ماہواری اور خواتین کی صحت سے متعلق معاشرتی جھجک اور غلط فہمیوں کو ختم کرنا ہے۔

7۔ سارہ علی

سارہ علی نے پاکستان پولیو پراجیکٹ کی بنیاد رکھی، جس کا مقصد ویکسین پر عوام کا اعتماد بڑھانا، ویکسین سے متعلق غلط معلومات کا مقابلہ کرنا، پولیو ورکرز کی معاونت اور ان بچوں کو حفاظتی قطرے پلانے کی کوششیں کرنا ہے جو ابھی تک ویکسین سے محروم ہیں۔

ان کا منصوبہ نوجوانوں کو صحت عامہ کے معاملات میں فعال کردار دینے اور پاکستان کو پولیو سے پاک بنانے کی کوششوں کو تقویت فراہم کرنا ہے۔

8۔ وشال پرکاش

وشال پرکاش نے پاکستان میں ہندو برادری سے تعلق رکھتے ہوئے معاشرے کے محروم طبقات کو مالی اور قانونی سہولیات تک بہتر رسائی فراہم کرنے کے لیے کام شروع کیا۔

انہوں نے روبان (RUBAN) کے نام سے ادارہ قائم کیا، جس کے ذریعے کراچی، لاہور اور سندھ کے دیگر علاقوں کی 200 سے زائد خواتین ہنرمندوں کو باقاعدہ مارکیٹوں سے منسلک کیا گیا۔

اس منصوبے کے ذریعے ان خواتین کے لیے مجموعی طور پر 50 لاکھ روپے سے زائد آمدن پیدا کرنے میں مدد ملی۔

یہ بھی پڑھیں:مظفرآباد: حکومتِ آزاد کشمیر کا 27 شخصیات کو صدارتی ایوارڈ دینے کا فیصلہ