لیپہ ویلی کے دیرینہ مسائل کا حل، وزیراعظم نے کھلی کچہری میں بڑے اعلانات کر دیئے

وادی لیپہ (کشمیر ڈیجیٹل)وزیراعظم آزاد کشمیر بیرسٹر افتخار گیلانی ہفتہ کی رات وادی لیپہ پہنچے تو رات کا اندھیرا چھا چکا تھا تاہم شدید سردی کے باوجود عوام کی بڑی تعداد سڑکوں پر اپنے وزیراعظم کے استقبال کیلئے موجود تھی، وزیراعظم کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔

 وزیراعظم نے وادی میں پہنچتے ہی ایک غیر معمولی عوامی سرگرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے لائن آف کنٹرول کے عین قریب کھلی کچہری کا انعقاد کیا، جہاں انہوں نے عوام کے درمیان بیٹھ کر ان کے مسائل سنے۔

کھلی کچہری میں وزیر حکومت ثاقب مجید راجا، سابق وزیر حکومت چوہدری محمد رشید، ضلعی انتظامیہ کے افسران، سیاسی کارکنان اور عوام علاقہ کی بڑی تعداد شریک تھی۔

یہ بھی پڑھیں:ریاستی تشخص ،عوامی خدمت،ترقیاتی منصوبے اولین ترجیح ، وزیراعظم گیلانی

عوام نے وزیراعظم کو وادی لیپہ کے دیرینہ مسائل، بنیادی سہولیات کی عدم دستیابی اور مختلف شعبوں میں درپیش مشکلات سے آگاہ کیا۔

وزیراعظم بیرسٹر افتخار گیلانی نے شدید سردی کے باوجود طویل وقت تک عوام کی باتیں نہایت خندہ پیشانی، تحمل اور توجہ سے سنیں اور متعدد مسائل پر موقع پر ہی متعلقہ افسران کو ضروری احکامات جاری کئے۔

کھلی کچہری کے دوران وادی لیپہ کے عوام کے ایک اہم اور دیرینہ مطالبےایڈیشنل ڈسٹرکٹ جج کی عدالت کے قیام کا معاملہ بھی وزیراعظم کے سامنے رکھا گیا، جس پر انہوں نے اس مطالبے کے حل کے حوالے سے یقین دہانی کروائی۔

 واضح رہے کہ آج  اتوار کووادی لیپہ میں وزیراعظم کا جلسہ عام بھی متوقع ہے، جہاں عوام کو اس اہم مطالبے کے حوالے سے مزید پیش رفت یا باضابطہ اعلان کی امید ہے۔

اسی طرح لیپہ بار ایسوسی ایشن کی مکانیت کے دیرینہ مسئلے کو حل کرنے کی یقین دہانی کروائی گئی جبکہ بار کے لیے خصوصی گرانٹ کے حوالے سے بھی اعلان کرنے کا عندیہ دیا گیا۔

کپگلی بازار کے آتشزدگی متاثرین کی مشکلات کا معاملہ بھی وزیراعظم کے سامنے پیش کیا گیاجس پر انہوں نے کہا کہ متعلقہ قواعد و ضوابط کا جائزہ لے کر متاثرین کی ہر ممکن حد تک مالی معاونت کی جائے گی۔

وادی کے اہم ترقیاتی منصوبے لیپہ بائی پاس روڈ کے حوالے سے وزیراعظم نے یقین دلایا کہ اس کی تعمیر پہلے سے کیے گئے سروے کے مطابق کی جائے گی، جس سے وادی کے متعدد دیہات کو سفری سہولیات میسر آئیں گی اور عوام کو براہ راست فائدہ پہنچے گا۔

اس موقع پر وزیراعظم بیرسٹر افتخار گیلانی نے مسلح افواج پاکستان کو بھرپور خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہماری افواج راتوں کو جاگتی ہیں تو اس ملک کے عوام سکون سے سو سکتے ہیں۔

 انہوں نے واضح کیا کہ وہ ہمیشہ پاک فوج کے ساتھ کھڑے تھے، کھڑے ہیں اور آئندہ بھی کھڑے رہیں گے۔

 وزیراعظم نے معرکہ حق، آپریشن بنیان مرصوص میں کامیابی پر چیف آف آرمی اسٹاف جنرل عاصم منیر کا شکریہ بھی ادا کیا۔

یہ بھی پڑھیں:ریاستی مالیاتی خودمختاری پرکمپرومائز نہیں کیا جاسکتا، وزیراعظم افتخار گیلانی

وزیراعظم نے عوام کو یقین دہانی کروائی کہ کھلی کچہری میں پیش کیے گئے مسائل کو سنجیدگی سے لیا گیا ہے اور ان کے حل کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں گے۔

 انہوں نے دوٹوک انداز میں کہاکہ میں وادی لیپہ سے جو بات کہہ کر جاؤں گا، آپ یقین رکھیں کہ اس پر سو فیصد عمل درآمد ہوگا۔

وزیراعظم کا رات کے اندھیرے اور شدید سردی میں لائن آف کنٹرول کے بالکل قریب عوام کے درمیان بیٹھ کر کھلی کچہری کا انعقاد اپنی نوعیت کا ایک اہم اقدام ہے۔