تھائی لینڈ،باکسنگ کا عالمی ٹائٹل پاکستانی خاتون باکسر عابدہ بتول نے جیت لیا

بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ سے تعلق رکھنے والی پاکستانی خاتون باکسر عابدہ بتول نے تھائی لینڈ میں باکسنگ کا عالمی ٹائٹل اپنے نام کر لیا ہے۔عابدہ بتول نے 8راؤنڈز پر مشتمل مقابلے کے پانچویں راؤنڈ میں تھائی حریف کو ٹیکنیکل ناک آؤٹ کرکے عالمی چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیا۔

عابدہ بتول نے 31 اکتوبر کو تھائی لینڈ کے شہر پتایا میں ویمنز انٹرنیشنل باکسنگ ایسوسی ایشن (ڈبلیو آئی بی اے) کے عالمی ایٹم ویٹ ٹائٹل کے لیے تھائی باکسر وانڈی سینونگ کھروٹ کا مقابلہ کیا۔ یہ فائٹ ایف سی سی سٹیڈیم میں بریو ہارٹس کے نام سے منعقد ہونے والے باکسنگ ایونٹ کا حصہ تھی۔

یہ بھی پڑھیں:پاکستان نے سہ ملکی ون ڈے کا فائنل جیتنے کیلئے کتنے سال انتظار کیا؟

مقابلے کے دوران عابدہ بتول نے اپنی حریف کے مقابلے میں تیز رفتار، ہاتھوں اور پاؤں کی پھرتی اور مسلسل مکے برسانے کی صلاحیت کا مظاہرہ کیا اور پانچویں راؤنڈ میں انہیں ٹیکنیکل ناک آؤٹ کر دیا۔ اس کامیابی کے بعد انہوں نے عالمی چیمپئن کا بیلٹ بھی حاصل کیا۔

عابدہ بتول کے پروموٹر اور سابق باکسر عابد بلوچ کے مطابق وہ ڈبلیو آئی بی اے کے عالمی ٹائٹل مقابلے میں حصہ لینے والی پہلی پاکستانی خاتون باکسر ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ عالمی ٹائٹل جیتنے سے عابدہ کی بین الاقوامی باکسنگ رینکنگ میں بھی بہتری آئے گی۔

عابد بلوچ کے مطابق یہ عابدہ بتول کی پروفیشنل باکسنگ میں دوسری بین الاقوامی فائٹ تھی جس میں انہوں نے کامیابی حاصل کی ہے۔

عابدہ بتول نے یہ کامیابی تھائی لینڈ میں میزبان ملک کی باکسر کے خلاف حاصل کی۔ تھائی لینڈ کو باکسنگ کے ہلکے وزن کی کیٹیگریز میں مضبوط حریفوں کے حوالے سے جانا جاتا ہے۔

ایٹم ویٹ خواتین کی پروفیشنل باکسنگ کی سب سے ہلکی وزن کی کیٹیگری ہے جس میں باکسرز کا زیادہ سے زیادہ وزن 102 پاؤنڈ یعنی تقریباً 46.3 کلوگرام مقرر ہے۔ ویمنز انٹرنیشنل باکسنگ ایسوسی ایشن خواتین کی پروفیشنل باکسنگ میں عالمی ٹائٹل مقابلوں کرانے والا ادارہ ہے۔

عالمی ٹائٹل جیتنے کے بعد عابدہ بتول نے اپنے اہل خانہ، سپانسرز، کوچ شارق خان اور پاکستانی قوم کا شکریہ ادا کیا۔

عابدہ بتول نے اپنے باکسنگ کریئر کا آغاز 2018 میں کیا تھا۔ وہ اس پہلے پاکستان کی پروفیشنل باکسنگ کا قومی ٹائٹل بھی اپنے نام کر چکی ہیں۔

باکسنگ میں آنے سے قبل وہ مکسڈ مارشل آرٹس (ایم ایم اے)، ووشو اور کک باکسنگ کے مقابلوں میں بھی حصہ لے چکی ہیں۔ وہ قومی اور بین الاقوامی سطح پر ان کھیلوں میں پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے میڈلز حاصل کر چکی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:ہاکی ورلڈ کپ جیتنے والے سابق کپتان شہباز سینئر کا سیاست میں انٹری دینے کا فیصلہ

عابدہ بتول ووشو کے ایک بین الاقوامی مقابلے میں سری لنکا کی حریف کو شکست دے کر گولڈ میڈل حاصل کر چکی ہیں جبکہ ایران میں بھی میڈل جیت چکی ہیں۔

عالمی ٹائٹل مقابلے سے قبل انہوں نے اسلام آباد میں ایک طویل تربیتی کیمپ میں حصہ لیا جہاں وہ روزانہ کئی گھنٹے مشق کرتی رہیں۔