7 برس بعد ڈومیسٹک کرکٹ میں بابر اعظم کی واپسی، پہلے میچ میں ناقص کارکردگی پر شائقین مایوس

سات برس کے طویل عرصے کے بعد ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنے والے پاکستان کی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم اپنے پہلے ہی میچ میں ناکامی سے دوچار ہو گئے۔ بابر اعظم کی سات سال بعد ڈومیسٹک کرکٹ میں واپسی پر شائقینِ کرکٹ کی جانب سے خاصی دلچسپی دیکھنے میں آئی تھی۔

شائقین ایک طویل عرصے سے پاکستان کے اس نامور اسٹار کرکٹر کو ڈومیسٹک کرکٹ میں دوبارہ ایکشن میں دیکھنے کے منتظر تھے، جو پریذیڈنٹ ٹرافی گریڈ ون کے تیسرے راؤنڈ میں ایک بار پھر میدان میں اترے تھے۔ تاہم بابر اعظم ایبٹ آباد میں اوجی ڈی سی ایل کی نمائندگی کرتے ہوئے کے آر ایل کے خلاف دونوں اننگز میں مجموعی طور پر صرف سولہ رنز ہی بنا سکے۔

یہ بھی پڑھیں: کیا تم چھولے بیچنے آئے تھے، وسیم اکرم کی بابر اعظم پر کڑی تنقید، سوالات اٹھا دیئے

بابر اعظم نے میچ کی پہلی اننگز میں بارہ رنز اسکور کیے اور پھر اتوار کے روز جب دوسری اننگز میں ان کی باری آئی تو وہ ایک بار پھر متاثر کن کارکردگی پیش نہ کر سکے اور محض چار رنز بنا کر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہو گئے۔ میچ دیکھنے کے لیے میدان میں آئے ہزاروں تماشائیوں کو بابر اعظم کی اس ناقص کارکردگی کے باعث سخت مایوسی کی حالت میں واپس لوٹنا پڑا۔