میرپور(کشمیر ڈیجیٹل) میونسپل کارپوریشن میرپور کے اسٹیٹ آفیسر چوہدری بشارت حسین نے شعبہ انسدادِ تجاوزات کے اہلکاران کیساتھ منعقدہ اجلاس میں شہر بھر سے غیر قانونی تجاوزات کے استیصال، شاہرات و گزرگاہوں کی کشادگی، صفائی ستھرائی کے نظام میں بہتری اور شہری حسن و دلکشی کی بحالی کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا اور متعلقہ عملے کو اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریاں مستعدی، فرض شناسی اور احساسِ ذمہ داری کے ساتھ نبھانے کی تاکید کی۔
چوہدری بشارت حسین نے اس موقع پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ میرپور شہر کی خوبصورتی، شہری سہولیات کی فراہمی اور نظم و ضبط کی پاسداری بلدیاتی انتظامیہ کی بنیادی ذمہ داریوں میں شامل ہے۔
مزید یہ بھی پڑھیں:میرپور،مہنگی اور ایکسپائر اشیاء فروخت کرنے پرایکشن، بھاری جرمانہ
تجاوزات نہ صرف شاہرات کی کشادگی اور ٹریفک کی روانی میں رکاوٹ کا موجب بنتی ہیں بلکہ شہریوں، بالخصوص پیدل چلنے والوں کیلئے بھی متعدد مشکلات پیدا کرتی ہیں۔ لہٰذا ان کے تدارک کیلئے مربوط حکمتِ عملی، مسلسل نگرانی اور بلاامتیاز قانونی کارروائی ناگزیر ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ میونسپل کارپوریشن میرپور محدود وسائل اور دستیاب افرادی قوت کے باوجود شہر کی تزئین و آرائش، صفائی ستھرائی کے معیار میں بہتری اور غیر قانونی تجاوزات کے خاتمے کیلئےپنی بساط کے مطابق بھرپور جدوجہد کر رہی ہے۔
بلدیاتی امور کی انجام دہی میں وسائل کی قلت کو عوامی خدمت کی راہ میں حائل نہیں ہونے دیا جا سکتا، بلکہ دستیاب وسائل کا دانشمندانہ استعمال اور عملے کی مستعدی ہی مثبت نتائج کی بنیاد بنتی ہے۔
اسٹیٹ آفیسر چوہدری بشارت حسین نے شعبہ انسدادِ تجاوزات کے عملے پر زور دیا کہ وہ شہر کے مختلف تجارتی مراکز، بازاروں، شاہرات اور عوامی گزرگاہوں کا باقاعدگی سے معائنہ کریں ۔
غیر قانونی تجاوزات کی نشاندہی کرتے ہوئے ان کے خاتمے کیلئے قانونی تقاضوں کے مطابق اقدامات بروئے کار لائیں اور اس امر کو یقینی بنائیں کہ شہریوں کی آمدورفت میں کسی قسم کی غیر ضروری رکاوٹ حائل نہ ہو۔
انہوں نے واضح کیا کہ عوامی مقامات کا تحفظ، شہری حقوق کی پاسداری اور بلدیاتی قوانین کا نفاذ کسی بھی مہذب معاشرے کے نظم و نسق کا بنیادی جزو ہے۔
اس ضمن میں دکانداروں، تاجروں اور عام شہریوں کو بھی اپنی ذمہ داریوں کا احساس کرتے ہوئے انتظامیہ سے بھرپور تعاون کرنا چاہیے تاکہ میرپور کو صاف ستھرا، منظم، پُرکشش اور تجاوزات سے پاک شہر بنانے کی منزل حاصل کی جا سکے۔
چوہدری بشارت حسین کی جانب سے ذاتی موٹرسائیکل پر مختلف مقامات پر فوری رسائی اور بلدیاتی امور کی انجام دہی کیلئے عملی طور پر متحرک رہنا بھی ان کی پیشہ ورانہ فعالیت اور عوامی خدمت کے جذبے کا مظہر ہے۔
بلاشبہ، شہری حسن کی بحالی، تجاوزات کے استیصال اور بلدیاتی نظم و نسق کی مؤثر عمل داری کیلئے انتظامیہ کی مستعدی، عملے کی فرض شناسی اور شہریوں کا تعاون کلیدی اہمیت کا حامل ہے۔
مزید یہ بھی پڑھیں:میرپور : برانڈز کا شاپنگ بیگ کی رقم وصولی غیر قانونی قرار
میونسپل کارپوریشن میرپور کی جانب سے ان مقاصد کے حصول کیلئے جاری کاوشیں شہر کو ایک صاف ستھرا، منظم اور خوش منظر شہری مرکز بنانے کی جانب اہم پیش رفت قرار دی جا سکتی ہیں۔




