چڑہوئی کی تعمیر و ترقی کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کارلاؤنگا، راجہ ریاست

چڑہوئی (کشمیر ڈیجیٹل)وزیر مال، بورڈ آف ریونیو و بحالیات آزاد کشمیر راجہ محمد ریاست خان نے کہا کہ حلقہ پانچ چڑہوئی کی تعمیر و ترقی اورعوامی فلاح و بہبود کیلئے تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لانے کی کوشش کروں گا۔

انہوں نے کہا کہ عوام نے جس محبت، اعتماد اور توقعات کے ساتھ ہمیں منتخب کیا ہے، ہم اسے اپنی ذمہ داری اور امانت سمجھتے ہیں۔ انشاء اللہ ترقیاتی کاموں اور عوامی خدمت کے ذریعے لوگوں کو تبدیلی محسوس ہوگی اور حکومت و عوام کے درمیان اعتماد کا رشتہ مزید مضبوط ہوگا۔

مزید یہ بھی پڑھیں:مہاجرین جموں وکشمیر مقیم پاکستان کے تحفظ کیلئے کردار ادا کرینگے،وزیرمالیات راجہ ریاست

ان خیالات کا اظہار انہوں نے بانی میاں محمد بخش پریس کلب چڑہوئی رجسٹرڈ، میڈیا کوآرڈینیٹر مسلم لیگ (ن) سعودی عرب راجہ امجد یونس  صدر میاں محمد بخش پریس کلب چڑہوئی رجسٹرڈ نمبردار راجہ ذکاب اللہ خان، نائب صدر راجہ محمد فیصل، سابق سیکرٹری اطلاعات و نشریات راجہ عثمان شانی اور دیگر سےملاقات کے دوران کیا۔

ملاقات خوشگوار اور دوستانہ ماحول میں ہوئی، جس میں حلقہ پانچ چڑہوئی کی موجودہ سیاسی و عوامی صورتحال، علاقے کے دیرینہ مسائل، جاری ترقیاتی منصوبوں اور مستقبل کے تعمیر و ترقی کے امکانات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر وفد نے راجہ محمد ریاست خان کو حلقہ پانچ چڑہوئی سے شاندار انتخابی کامیابی حاصل کرنے اور آزاد جموں و کشمیر کی کابینہ میں وزارت مال، بورڈ آف ریونیو و بحالیات جیسی اہم ذمہ داری سنبھالنے پر دلی مبارکباد پیش کی۔

 وفد کے شرکاء نے اس امید کا اظہار کیا کہ وہ اپنی سیاسی بصیرت، انتظامی صلاحیتوں اور عوامی خدمت کے جذبے کو بروئے کار لاتے ہوئے حلقے کی محرومیوں کے خاتمے اور عوام کی توقعات پر پورا اترنے کے لیے بھرپور کردار ادا کریں گے۔

گفتگو کے دوران راجہ امجد یونس اور وفد کے دیگر اراکین نے حلقہ پانچ چڑہوئی کے عوام کو درپیش مسائل، بنیادی سہولیات کی فراہمی، سڑکوں کی تعمیر و مرمت، ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل اور عوامی ضروریات کو ترجیحی بنیادوں پر پورا کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔

 شرکاء کا کہنا تھا کہ عوام نے اپنے ووٹ کی طاقت سے جس اعتماد کا اظہار کیا ہے، اس اعتماد کا حقیقی جواب عملی خدمت، دیانت دارانہ طرزِ حکمرانی اور بلاامتیاز ترقیاتی اقدامات کی صورت میں سامنے آنا چاہیے۔ عوام کو محض وعدوں کے بجائے اپنے مسائل کے حل اور اپنے علاقوں میں مثبت تبدیلی نظر آنی چاہیے۔

اس موقع پر وزیر مال، بورڈ آف ریونیو و بحالیات آزاد جموں و کشمیر راجہ محمد ریاست خان نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انشاء اللہ حقیقی معنوں میں عوامی دور کا آغاز ہو چکا ہے۔

ہماری کوشش اور عزم ہے کہ عوام کو اس بات کا عملی احساس ہو کہ یہ ان کی اپنی حکومت ہے، جو ان کے مسائل کو سمجھتی بھی ہے اور ان کے حل کیلئے سنجیدہ کوششیں بھی کر رہی ہے۔

عوامی مسائل کا حل ہماری اولین ترجیح ہے اور ہم چاہتے ہیں کہ لوگوں کو سرکاری دفاتر کے چکر لگانے کے بجائے ممکنہ حد تک سہولیات ان کی دہلیز پر میسر آئیں۔

راجہ محمد ریاست خان نے مزید کہا کہ سیاست کا اصل مقصد اقتدار کا حصول نہیں بلکہ عوام کی خدمت، ان کے دکھ درد میں شریک ہونا اور ان کی مشکلات کم کرنا ہے۔

ہماری ترجیحات میں عام آدمی کی فلاح، علاقے کی خوشحالی اور عوامی ضروریات کے مطابق ترقیاتی اقدامات شامل ہیں۔

مزید یہ بھی پڑھیں:جنت نظیر وادی نیلم میں موسم خزاں نے قدرتی حسن کے نئے رنگ بکھیر دئیے

ملاقات کے اختتام پر راجہ امجد یونس اور وفد کے دیگر اراکین نے راجہ محمد ریاست خان کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔