محکمہ جنگلات نے کائل کی لکڑی کی سمگلنگ ناکام بنا دی، گاڑی ضبط

مظفرآباد: محکمہ جنگلات چھاپہ مار ڈویژن مظفرآباد کی بروقت اور کامیاب کارروائی کرتے ہوئے کائل کی لکڑی سے بھری سوزوکی پکڑ لی گئی اور لکڑی کو گاڑی سمیت ضبط کرتے ہوئے کارروائی شروع کردی۔

تفصیلات کے مطابق ناظم اعلیٰ جنگلات ملک اسد محمود اور ناظم جنگلات میر نصیر احمد کی خصوصی ہدایت پرمہتمم جنگلات چھاپہ مار ڈویژن سہیل ناصر خان کی زیر نگرانی جمعہ کی رات 11 بجے پیر چناسی روڈ پر چھاپہ مارا گیا۔

یہ بھی پڑھیں:چکار، نون بگلہ جنگل سے درختوں کی کٹائی پر سیکرٹری جنگلات جائزہ لینے پہنچ گئے، سخت کارروائی کی ہدایت

کارروائی میں جواد مغل، سید مظہر حسین شاہ، فہد جہانگیر اور کاشف زمان شامل تھے۔

ذرائع کے مطابق سوزوکی نمبر IDT-6662پر کائل کی قیمتی ناجائز لکڑی لوڈ کر کے سمگل کی جا رہی تھی، جسے عملے نے ضبط کر کے گاڑی اور لکڑی مرکزی دفتر بینک روڈ منتقل کر دی۔

ملزمان قیمتی لکڑی کو تیار کرکے دروازوں اور کھڑکیوں کی شکل میں سمگل کررہے تھے،محکمہ جنگلات کے حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

یہ بھی پڑھیں:وادی لیپہ ،جنگلات کے تحفظ کیلئے بلدیاتی نمائندگان میدان میں آگئے، وقار نور سے ملاقات

یاد رہے کہ وزیر جنگلات کرنل(ر) وقار احمد نور اور نئے سیکرٹری جنگلات انصر یعقوب جنگلات کی کٹائی اور لکڑی کی سمگلنگ کیخلاف سخت پالیسی اپنائے ہوئے ہیں اور ان کا عزم ہے کہ ٹمبر مافیا کو انجام تک پہنچایا جائیگا۔