راشد خان کی ٹی 20کرکٹ میں 200 وکٹیں، دنیا کے پہلے بولر بن گئے

افغانستان کے مایہ ناز لیگ اسپنر راشد خان نے ٹی 20 انٹرنیشنل کرکٹ میں ایک اور ناقابلِ فراموش کارنامہ انجام دیتے ہوئے عالمی سطح پر منفرد اعزاز اپنے نام کرلیا۔ وہ مختصر فارمیٹ کی بین الاقوامی کرکٹ میں 200 وکٹیں مکمل کرنے والے دنیا کے پہلے بولر بن گئے ہیں۔ 

راشد خان نے یہ تاریخی سنگ میل زمبابوے کے خلاف دوسرے ٹی 20 انٹرنیشنل میچ میں عبور کیا۔ انہوں نے اپنے کیریئر کے 120ویں مقابلے میں زمبابوین بیٹر مارو مانی کو آؤٹ کرکے 200 وکٹوں کا ہندسہ مکمل کیا ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:حسن علی نے تاریخ رقم کر دی؛ راشد خان کا بڑا ریکارڈ توڑ کر ٹی 20 کے نئے سلطان بن گئے

افغان لیگ اسپنر کی یہ کامیابی ان کی مسلسل عمدہ کارکردگی اور ٹی 20 کرکٹ میں طویل عرصے سے قائم مستقل مزاجی کا مظہر ہے۔ اپنی خطرناک لیگ اسپن، گگلی اور درست لائن و لینتھ کی بدولت راشد خان دنیا بھر کے بیٹرز کیلئے مشکل حریف سمجھے جاتے ہیں۔

دوسری جانب میچ میں افغانستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے جارحانہ انداز اپنایا اور مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 221 رنز کا بڑا مجموعہ ترتیب دیا۔

 افغانستان کی جانب سے عظمت اللہ عمرزئی نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے صرف 50 گیندوں پر 118 رنز کی دھواں دار اور شاندار اننگز کھیلی۔

ہدف کے تعاقب میں زمبابوے کی ٹیم نے بھرپور مزاحمت کی، تاہم مقررہ اوورز کے اختتام پر 5 وکٹوں کے نقصان پر 205 رنز ہی بناسکی۔ اس طرح افغانستان نے مقابلہ اپنے نام کرلیا۔

عظمت اللہ عمرزئی کو بیٹنگ میں شاندار سنچری اور ایک وکٹ حاصل کرنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

راشد خان نے بھی بیٹنگ میں اپنا حصہ ڈالتے ہوئے صرف 6 گیندوں پر 25 رنز بنائے جبکہ بولنگ کے شعبے میں چار اوورز کے دوران 29 رنز دے کر ایک کھلاڑی کو پویلین بھیجا۔

مزید یہ بھی پڑھیں:راشد خان کو 2 ممالک کی شہریت کی پیشکش، افغان اسٹار کادوٹوک جواب

 عبداللہ احمد زئی نے بھی دو وکٹیں حاصل کرکے افغانستان کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا۔