چھوٹے کاروبار کرنے والوں کے لیے اسٹیٹ بینک کا نیا ڈیجیٹل پلیٹ فارم متعارف

اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباروں (SMEs) کے فروغ کے لیے ایک اہم پیشرفت کرتے ہوئے جدید ڈیجیٹل پلیٹ فارم “ایس ایم ای کنیکٹ” (SME Connect) باضابطہ طور پر متعارف کروا دیا ہے۔ اس اقدام کا بنیادی مقصد ملک بھر کے چھوٹے اور درمیانے کاروباری افراد کے لیے بینکوں سے آسان، تیز رفتار اور شفاف انداز میں قرض کے حصول کو ممکن بنانا ہے۔

مرکزی بینک کی جانب سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق یہ پلیٹ فارم ایک مرکزی ڈیجیٹل نظام کے طور پر کام کرے گا، جہاں کاروباری افراد مختلف بینکوں اور ترقیاتی مالیاتی اداروں (DFIs) کو ایک ہی جگہ سے اپنی قرض کی درخواستیں جمع کروا سکیں گے۔

قرض کے حصول میں آسانیاں اور شفافیت:

اسٹیٹ بینک کا کہنا ہے کہ ایس ایم ای کنیکٹ کے قیام سے چھوٹے اور درمیانے کاروباری اداروں کو ہر بینک کے الگ چکر لگانے سے نجات مل جائے گی اور وہ سنگل ڈیجیٹل پلیٹ فارم سے ہی تمام تر کارروائی انجام دے سکیں گے۔ اس خودکار اور جدید نظام کے تحت قرض کی فنانسنگ تک رسائی کے عمل کو آسان بنانے کے ساتھ ساتھ بینکنگ کارکردگی اور شفافیت کو نمایاں طور پر فروغ ملے گا۔

اس ڈیجیٹل نظام کی ایک اور سب سے نمایاں خصوصیت یہ ہے کہ درخواست گزار ہر وقت اپنی درخواست کا تازہ ترین اسٹٹس آن لائن چیک کر سکیں گے۔ بالفرض اگر کسی امیدوار کی درخواست کو مسترد کر دیا جاتا ہے، تو اس نظام کے ذریعے مسترد ہونے کی وجوہات بھی تفصیل سے بتائی جائیں گی، تاکہ کاروباری افراد آئندہ اپنی درخواست میں موجود خامیوں کو درست کر سکیں۔

یہ بھی پڑھیں: غیریقینی صورتحال مہنگائی میں اضافے کا سبب، شرح سود میں اضافہ ناگزیر تھا، گورنر اسٹیٹ بینک

براہِ راست نگرانی اور یکم نومبر سے اطلاق:

مرکزی بینک کو لائیو ڈیش بورڈ کی سہولت بھی فراہم کی گئی ہے، جس کے ذریعے اسٹیٹ بینک مجموعی طور پر موصول ہونے والی، زیرِ کارروائی، منظور شدہ اور مسترد شدہ تمام درخواستوں کا ڈیٹا رئیل ٹائم میں خود مانیٹر کر سکے گا۔ اس سے مالیاتی شعبے اور انفرادی بینکوں کی کارکردگی کو شفاف رکھنا ممکن ہو سکے گا۔

اسٹیٹ بینک کے جاری کردہ احکامات کے مطابق یکم نومبر 2026 سے ایس ایم ای قرضوں کی تمام نئی درخواستیں صرف اسی ڈیجیٹل پلیٹ فارم (smeconnect.sbp.org.pk) پر موصول کی جائیں گی۔ تمام بینکوں اور مالیاتی اداروں کی شاخوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ قرض کے لیے آنے والے تمام سائلین کو اسی پورٹل پر رجوع کروائیں، جس سے کاروباری شعبے کے لیے قرضہ جات کا پورا عمل منظم اور قابلِ نگرانی ہو جائے گا۔