دبئی میں 51 کروڑ روپے میں نیلام ہونے والی نمبر پلیٹ میں خاص کیا ہے؟

دبئی: 51 کروڑ روپے کی گاڑی کی نمبر پلیٹ!  گزشتہ ہفتے دبئی میں گاڑیوں کی پرکشش اور منفرد نمبر پلیٹس کی بولی لگائی گئی، جس میں ‘CC44’ نمبر پلیٹ 6.72 ملین درہم (تقریباً 51 کروڑ پاکستانی روپے) کی ریکارڈ قیمت میں فروخت ہوئی۔

دبئی کی روڈز اینڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی (RTA) کی جانب سے لگژری گاڑیوں کی منفرد نمبر پلیٹس کی نیلامی کے دوران مجموعی طور پر 65.721 ملین درہم (تقریباً چار ارب 97 کروڑ 19 لاکھ روپے) حاصل ہوئے۔

یہ بھی پڑھیں: نئی آٹو پالیسی :آلٹو، کلٹس اور اسٹونک کی قیمتوں میں بڑی کمی کا امکان

سب سے مہنگی اور پرکشش نمبر پلیٹس:

اس نیلامی کے دوران سب سے زیادہ قیمت ‘CC44’ نمبر پلیٹ کی لگی، جو 67 لاکھ 20 ہزار درہم (تقریباً 50 کروڑ 84 لاکھ پاکستانی روپے) میں فروخت ہو کر بولیاں جیتنے والوں کی فہرست میں سرِفہرست رہی۔

اس کے علاوہ دیگر پرکشش نمبروں کی بھی کروڑوں روپے میں بولی لگی:

  • BB18′ نمبر پلیٹ: 66 لاکھ 20 ہزار درہم (تقریباً 50 کروڑ 8 لاکھ پاکستانی روپے)۔
  • ”BB80′ نمبر پلیٹ: 59 لاکھ درہم (تقریباً 44 کروڑ 63 لاکھ پاکستانی روپے)۔
  • ‘BB117’ نمبر پلیٹ: 10 لاکھ درہم سے زائد (تقریباً سات کروڑ 56 لاکھ پاکستانی روپے سے زائد)۔

شفاف نظام اور شوقین افراد کی شرکت:

آر ٹی اے حکام کے مطابق نیلامی کے شاندار نتائج نے ایک بار پھر یہ ثابت کیا ہے کہ اوپن اور آن لائن نیلامیوں کے لیے اتھارٹی کی اپنائی گئی حکمتِ عملی بے حد کامیاب رہی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ یہ تمام تر نظام شفافیت، غیر جانب داری اور نیلامی میں حصہ لینے والے تمام شرکا کو مساوی مواقع فراہم کرنے کے اصولوں پر مبنی ہے۔

منفرد اور نایاب نمبر پلیٹس حاصل کرنے کا شوق رکھنے والے افراد نے اس نیلامی میں بھرپور دلچسپی دکھائی اور بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔