حویلی کہوٹہ/آزاد کشمیر : یونیورسٹی آف حویلی کہوٹہ، آزاد جموں و کشمیر کی فنانس اینڈ پلاننگ کمیٹی نے مالی سال 2026-27ء کے لیے 474.1 ملین روپے کا جامع بجٹ منظور کر لیا ہے۔ فنانس اینڈ پلاننگ کمیٹی کا یہ اہم اجلاس ہائر ایجوکیشن کمیشن (HEC) کے ہیڈکوارٹر اسلام آباد میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خواجہ فاروق احمد کی زیرِ صدارت منعقد ہوا۔
اجلاس کے دوران ٹریژرر صاحبزادہ محمد زاہد نے مجوزہ بجٹ کمیٹی کے سامنے تفصیلی طور پر پیش کیا۔ فنانس اینڈ پلاننگ کمیٹی نے یونیورسٹی کی مالی ضروریات، وسائل کی منصفانہ تقسیم اور ترقیاتی ترجیحات پر باریک بینی سے غور و خوض کرنے کے بعد تعلیمی، انتظامی اور آپریشنل ضروریات اور ادارے کی مسلسل ترقی کو مدنظر رکھتے ہوئے بجٹ کی حتمی منظوری دی۔
طلبہ اور ملازمین کے لیے اسکالرشپس و فنڈز کا اعلان:
کمیٹی نے ریاست جموں و کشمیر کے ہونہار طلبہ کے لیے 30 ٹیلنٹ ہنٹ اسکالرشپس منظور کیں تاکہ غریب اور مستحق طلبہ کے لیے اعلیٰ تعلیم تک رسائی آسان ہو سکے۔ اس کے علاوہ کمیٹی نے ایسے طلبہ کی مالی معاونت کے لیے انڈیمنٹی فنڈ اسکیم کی منظوری دی جن کے سرپرست تعلیم کے دوران وفات پا جائیں، جبکہ دورانِ ملازمت انتقال کرنے والے یونیورسٹی ملازمین کے لواحقین اور خاندانوں کے لیے نظرثانی شدہ مالی امدادی پیکیج بھی منظور کیا گیا۔ کمیٹی نے یونیورسٹی کی مالی پائیداری کو دیرپا بنانے کے لیے اینڈومنٹ فنڈ قائم کرنے کا بھی فیصلہ کیا۔
یہ بھی پڑھیں: وزیر اعظم کروم بک اسکیم کیلئے درخواست دینے کا طریقہ سامنے آگیا
الاؤنسز اور تحقیقی سہولیات سے متعلق فیصلے:
ایک اور اہم فیصلے میں کمیٹی نے حکومتِ پاکستان اور حکومتِ آزاد جموں و کشمیر کے آفس میمورنڈم کے مطابق یونیورسٹی ملازمین کے لیے ایڈہاک ریلیف الاؤنس 2026ء کی شرح 7 فیصد اور ڈسپیرٹی ریڈکشن الاؤنس 2026ء کی شرح 15 فیصد اپنانے کی منظوری دی۔ مزید برآں، کمیٹی نے لائبریری انفارمیشن ریسورس سینٹر کی تجویز کو ہائر ایجوکیشن کمیشن کو غور کے لیے ارسال کرنے کی سفارش کی تاکہ یونیورسٹی کی تعلیمی اور تحقیقی سہولیات کو مزید جدید اور مضبوط بنایا جا سکے۔
اجلاس میں سیکرٹری ہائر ایجوکیشن حکومت آزاد جموں و کشمیر عبدالرحمٰن، ڈائریکٹر بجٹ HEC اسلام آباد ثمر سبطین، ایڈیشنل سیکرٹری فنانس حکومت آزاد جموں و کشمیر عارف عثمانی، ڈائریکٹر پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ یونیورسٹی آف حویلی وسیم احمد، ٹریژرر و ممبر/سیکرٹری کمیٹی صاحبزادہ محمد زاہد، رجسٹرار یونیورسٹی آف حویلی راجہ سہراب بشیر اور اسسٹنٹ رجسٹرار/اکاؤنٹس آفیسر خرم نایئک نے شرکت کی۔




