ممبئی میں بالی وڈ کے نوجوان اداکار ٹائیگر شروف فائرنگ کے واقعے میں بال بال بچ گئے تاہم ان کے ڈرائیور سمیت 2 افراد زخمی ہوگئے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق اتوار کی شام ممبئی کے علاقے جوہو میں ٹائیگر شروف کی گاڑی پر نامعلوم حملہ آوروں نے 3 سے 4 گولیاں چلائیں۔.
یہ بھی پڑھیں: پاکستان نے بھارتی طیاروں پر پابندی میں مزید توسیع کر دی
پولیس کے مطابق فائرنگ کے واقعے میں ٹائیگر شروف محفوظ رہے جبکہ اداکار کے ڈرائیور کے بازو میں گولی لگی، اس کے علاوہ قریب موجود ایک رکشہ ڈرائیور بھی زخمی ہوا۔
رپورٹ کے مطابق فائرنگ اس وقت کی گئی جب ٹائیگر شروف فٹ بال کھیلنےکے بعدگراؤنڈ سے واپس جا رہے تھے۔ اس وقت اداکار کو دیکھنےکے لیے وہاں لوگوں کا ہجوم جمع تھا۔
مہاراشٹرا کے وزیراعلیٰ نے واقعےکا نوٹس لیتے ہوئے پولیس سے رپورٹ طلب کرلی ہے جب کہ ممبئی پولیس نے فائرنگ کے واقعےکی تحقیقات کے لیے ٹیمیں تشکیل دے دی ہیں۔
ٹائیگر شروف کے والد اور معروف اداکار جیکی شروف نے صحافیوں کو بتایا کہ ان کا بیٹا محفوظ ہے۔
دوسری جانب فائرنگ کے واقعےکے بعد سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو میں ایک شخص نے لارنس بشنوئی گینگ کی نمائندگی کرنےکا دعویٰ کرتے ہوئے حملےکی ذمہ داری قبول کی ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق مذکورہ ویڈیو میں انیل پنڈت نامی شخص نے دعویٰ کیا کہ انہوں نے اس سے پہلے بھی ٹائیگر شروف کو خبردار کیا تھا۔
پیغام میں بالی وڈ سے تعلق رکھنے والے ان دیگر افراد کو بھی دھمکیاں دی گئیں جو اداکار سلمان خان کے ساتھ کام کرتے ہیںتاہم ان دعوؤں کی صداقت اور اس گینگ کے فائرنگ کے واقعے میں ملوث ہونے کی آزادانہ طور پر تصدیق نہیں ہو سکی پولیس نے بھی تاحال اس بات کی تصدیق نہیں کی کہ حملے کے پیچھے کون تھا۔
خیال رہے کہ اپریل 2024 میں موٹر سائیکل پر سوار دو افراد نے ممبئی کے علاقے باندرہ میں سلمان خان کی رہائش گاہ، گلیکسی اپارٹمنٹس کے باہر فائرنگ کی تھی۔
بعد ازاں پولیس نے اس واقعے سے متعلق جیل میں قید گینگسٹر لارنس بشنوئی کے چھوٹے بھائی انمول بشنوئی کے خلاف مقدمہ درج کیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: کالعدم ایکشن کمیٹی کا بھارتی بیانیے سے معافی تک کا سفر،عوامی لا تعلقی کے بعد فیس سیونگ کیلئے منت ترلے
لارنس بشنوئی اس وقت بھارتی ریاست گجرات کی جیل میں قید ہے۔ اس کے بارے میں مشہور ہے کہ وہ سلمان خان سے شدید عداوت رکھتا ہے۔
اس دشمنی کی وجہ 1998 میں راجستھان میں کالے ہرن کے غیر قانونی شکار کے مقدمے میں سلمان خان کا مبینہ طور پر ملوث ہونا بتایا جاتا ہے۔کالا ہرن بشنوئی برادری کے نزدیک مقدس حیثیت رکھتا ہے۔




