پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی (پی اے اے) نے بھارتی طیاروں کیلئے پاکستانی فضائی حدود کے استعمال پر عائد پابندی میں مزید توسیع کر دی ہے، جس کے بعد بھارتی شہری اور فوجی طیاروں کیلئے پاکستان کی فضائی حدود کی بندش 24 نومبر 2026 کی صبح 4 بج کر 59 منٹ تک برقرار رہے گی۔
پی اے اے حکام کے مطابق پابندی میں توسیع کا اطلاق بھارت میں رجسٹرڈ طیاروں کے علاوہ بھارتی ایئرلائنز اور آپریٹرز کی ملکیت یا لیز پر حاصل کیے گئے طیاروں پر بھی ہوگا۔ اس طرح بھارتی فضائی کمپنیوں کے زیرِ استعمال طیارے بھی پاکستانی فضائی حدود استعمال نہیں کر سکیں گے۔
مزید یہ بھی پڑھیں:پاکستانی فضائی حدود کی بندش، بھارتی ایئرلائنز کو اربوں ڈالر کا نقصان
حکام کا کہنا ہے کہ پابندی کے تحت بھارتی فوجی طیاروں کو بھی پاکستانی فضائی حدود سے گزرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ اس فیصلے کے نتیجے میں بھارتی شہری اور فوجی پروازوں کے لیے پاکستان کی فضائی حدود بند رکھنے کا فیصلہ برقرار رہے گا۔
واضح رہے کہ پاکستان نے 23 اپریل 2025 کو بھارتی طیاروں کے لیے اپنی فضائی حدود بند کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ اس کے بعد سے اس پابندی میں مختلف اوقات میں نوٹس ٹو ایئر مین (NOTAMs) جاری کرکے توسیع کی جاتی رہی ہے۔
تازہ توسیع کے بعد یہ پابندی 24 نومبر 2026 تک نافذ العمل رہے گی۔ اس فیصلے سے بھارتی ایئرلائنز کو پاکستان کی فضائی حدود سے گزرنے والے ممکنہ مختصر فضائی راستوں کے بجائے متبادل روٹس اختیار کرنا پڑ سکتے ہیں۔
فضائی راستوں میں تبدیلی کے باعث بعض پروازوں کے دورانیے اور ایندھن کے اخراجات میں اضافہ ہو سکتا ہے، جس سے ایئرلائنز کے آپریشنل اخراجات پر دباؤ پڑنے کا امکان ہے۔
تاہم، اس پابندی کے نتیجے میں بھارتی ایئرلائنز کو ہونے والے مجموعی مالی نقصان اور ان کی معاشی صورتِ حال پر اثرات کا درست اندازہ لگانے کیلئےتازہ اور مستند اعداد و شمار درکار ہوں گے۔
مزید یہ بھی پڑھیں:پاکستان فضائی حدود کی بندش سے بھارتی ایوی ایشن سیکٹر پر بُرے اثرات مرتب
پاکستان کی جانب سے پابندی میں تازہ توسیع کے بعد بھارتی طیاروں کے لیے پاکستانی فضائی حدود کی بندش کا سلسلہ بدستور جاری رہے گا۔




