تیل

3دن کیلئے پیٹرول کی قیمت میں بڑی کمی، نوٹیفکیشن جاری

اسلام آباد: وفاقی حکومت نے اگلے 3 روز کے لیے پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اعلان کرتے ہوئے پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 3 روپے سے زائد کی کمی کردی جب کہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی فی لیٹر قیمت برقرار رکھی ہے۔

وزارت پیٹرولیم ڈویژن نے 17 اکتوبر سے 19 اکتوبر کے لیے پیٹرول اور ڈیزل کی نئی قیمتوں کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا ہے، جس میں بتایا گیا ہے کہ آئل اینڈ گیس ریگیولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے وفاقی حکومت کے جاری کردہ طریقہ کار کی بنیاد پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں رد وبدل کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:آئی ایم ایف نے پیٹرول سبسڈی محدود کرنے سمیت اہم تجاویز دیدیں

نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 3 روپے 93 پیسے کی کمی کی گئی ہے، جس کے بعد پیٹرول کی قیمت 390 روپے 23 پیسے سے کم ہوکر 386 روپے 30 فی لیٹر مقرر ہوگئی ہے۔

دوسری طرف ہائی اسپیڈ ڈیزل کی فی لیٹر قیمت میں میں کوئی رد و بدل نہیں کیا گیا جب کہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 396 روپے 96 پیسے فی لیٹر برقرار رکھی گئی ہے۔

پیٹرولیم ڈویژن کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اطلاق رات 12 بجے سے اگلے 3 دن 17 اکتوبر سے 19 اکتوبر 2026 تک کے لیے ہوگیا ہے۔

پیٹرولیم ڈویژن کے مطابق اعلان کردہ قیمتیں عالمی مارکیٹ میں پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں سے منسلک ہیں۔ اعلامیے میں کہا گیا کہ عالمی مارکیٹ میں تبدیلیوں، پلاٹس ریٹس، پریمیم اور دیگر اخراجات کو مدنظر رکھتے ہوئے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل کیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:فی تولہ سونے کی قیمت 4 لاکھ 40 ہزارسے تجاوز

یاد رہے کہ 17 جولائی سے اب تک پیٹرول کی قیمت میں مجموعی طور پر 26 مرتبہ کمی اور 36 مرتبہ اضافہ کیا گیا ہے وہی ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں اس عرصے کے دوران 25 مرتبہ کمی ہوئی جب کہ 36 مرتبہ اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔