پاک فوج ہماری ریڈلائن،فضل الرحمان اپنے الفاظ واپس لیں ورنہ مزاحمت کا سامنا کرنا پڑیگا، قاسم مجید،ظفراقبال ملک

پیپلزپارٹی آزادکشمیر کےسینئر رہنما، سابق وزیر خزانہ ،ایم ایل اے چوہدری قاسم مجید نے کہا ہےکہ سینئر سیاستدان مولانا فضل الرحمان کی تقریر سن کر دلی طور پر دکھ ہوا ، انہیں اپنے الفاظ واپس  لینا ہونگے ورنہ ملک بھر میں مزاحمت کا سامنا کرنا پڑیگا۔

اپنے ویڈیو بیان میں چوہدری قاسم مجید نے کہا کہ فضل الرحمان نے جو الفاظ مسلح افواج کے بار میں استعمال کئے ہیں میں اسکی بھرپور مذمت کرتا ہوں اور یہ ان کو بتا دینا چاہتا ہوں کہ پچھلے سال جب بھارت نے حملہ کیاتو پاک فوج نے بھرپور جواب دیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں:دہشتگردوں کے حامیوں کی حمایت،فضل الرحمان سے یہ توقع نہیں تھی، مریم نواز

انہوں نے کہا کہ فضل الرحمان نے شہداء کی قربانیوں کا بھی مذاق اڑایا ، ان کے ورثاکیا سوچیں گے،پاک فوج ہے ، ایل اوسی پر خاکی وردی والے کھڑے ہیں،چاروں صوبوں اور کشمیرکے عوام آرام سے سوتے ہیں۔

قاسم مجید نے کہا کہ پاک فوج ہماری ریڈ لائن ہے،فضل الرحمان بیان واپس لیں ورنہ آزادکشمیر سمیت پورے ملک میں مزاحمت کا سامنا کرنا پڑیگا،سینئر سیاستدان کو اپنے الفاظ واپس لینا ہوں گے۔

سابق وزیر حکومت وایم ایل اے ظفراقبال ملک نے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمان کے پاک فوج، شہداء اور اسلاف کیخلاف بیان پر افسوس ہوا۔

اپنے ویڈیو بیان میں ظفراقبال ملک نے کہا کہ لائن آف کنٹرول کے عوام اگر سکون سے سوتے ہیں تو اس کے پیچھے پاک فوج کے جوانوں کی قربانیاں ہیں اور اس پر فخر ہے۔

یہ بھی پڑھیں:قوم فضل الرحمن کی تکلیف جان چکی، جوانوں کی قربانیاں ہضم نہیں ہورہی، چوہدری رخسار

انہوں نے کہا کہ میں فضل الرحمان اور ان کے فالورز کو خبردار کرنا چاہتا ہوں کہ آپ اس طرح کی بیان بازی سے باز نہ آئے تو ہر جگہ مزاحمت کا سامنا کرنا پڑیگا۔

انہوں نے کہا کہ مولاناآئندہ محتاط انداز میں بیان دیں اور بیان دینے سے قبل سوچیں کہ ان کا بیان انارکی کا سبب نہ بنے۔