مظفر آباد (کشمیر ڈیجیٹل) وزیر برائے توانائی و آبی وسائل اور چیئرمین قومی تقریبات کمیٹی راجہ ثاقب مجید نے ماہ اکتوبر اور نومبر میں قومی تقریبات کے تسلسل میں سیزفائر لائن کے علاقہ چلہانہ نیلم ویلی میں قومی پرچم لہرایا۔
ان کے ہمراہ سیکرٹری قومی تقریبات کمیٹی اور ڈائریکٹر جموں و کشمیر لبریشن سیل ڈاکٹر راجہ محمد سجاد خان بھی موجود تھے۔انہوں نے کہا کہ اکتوبر کامہینہ کشمیر کیلئے انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔
مزید یہ بھی پڑھیں:وزیر توانائی راجہ ثاقب مجید دو روزہ دورے پر وادی نیلم پہنچ گئے
22 اکتوبر کو مقامی و قبائلی مجاہدین نے مظفراباد ڈوگرہ استبداد اور ہندو مہاسبھا کے قبضہ سے آزاد کروایا۔ 24 اکتوبر کو آزاد کشمیر حکومت قائم ہوئی۔
26 اکتوبر کو نائیک سیف علی جنجوعہ کا یوم شہادت ہے جنہوں نے ڈوگرہ حکومت اور بھارتی افواج کے خلاف لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کیا ۔
27 اکتوبر کشمیرہوں کیلئے یوم سیاہ ہے جب ہندوستان نے کشمیریوں کی خواہشات کے بر عکس کشمیر پر قبضہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ 6 نومبر کو جموں کی سرزمین مسلمانوں کے خون سے آر۔ایس۔ایس، ہندو مہا سبھا، ڈوگرہ افواج اور ہندوستان کی افواج نے سرخ کی۔
لاکھوں لوگوں نے پاکستان کی طرف ہجرت کی۔ ثاقب مجید راجہ نے کہا کہ کشمیری عوام نے ہمیشہ پاکستان کا پرچم سربلند رکھا اور رکھیں گے۔
مزید یہ بھی پڑھیں:حلقہ کھاوڑہ میں ترقیاتی کاموں کا آغاز، وزیرِ برقیات راجہ ثاقب مجید کی ہدایت پر نیا ٹرانسفارمر نصب
انہوں نے کہا کہ وہ وقت دور نہیں جب سیز فائر لائن کی دوسری طرف بھارتی ظلم و ستم کا شکار کشمیری عوام آزادی حاصل کریں گے۔




