میرپور (رپورٹ: آصف اقبال کشمیرڈیجیٹل) ایس ایس پی میرپور خرم اقبال کی خصوصی ہدایات پر ضلع بھر کے مختلف تھانہ جات میں جرائم پیشہ عناصر اور مبینہ فراڈ میں ملوث افراد کیخلاف کارروائیاں جاری ہیں۔
پولیس کی جانب سے ایس ایس پی خرم اقبال کی تعیناتی کے دوران تین ارب روپے سے زائد کی ریکوری اور درجنوں گاڑیاں برآمد کئے جانے کی اطلاع ہے جبکہ نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے ایس ایچ اوز اور پولیس اہلکاروں کو تعریفی اسناد سے بھی نوازا گیا۔
مزید یہ بھی پڑھیں:میرپور پولیس کا بڑا اقدام! نوسربازوں کے چنگل سے برٹش نژاد شہری کی گاڑی برآمد
تفصیلات کے مطابق صرف ایک ماہ کے دوران تھانہ تھوتھال پولیس نے ایک کروڑ 20 لاکھ روپے کی ریکوری کے ساتھ پانچ گاڑیاں بھی برآمد کیں۔ ایس ایس پی میرپور خرم اقبال نے پولیس افسران اور اہلکاروں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں مزید مؤثر بنانے اور شہریوں کو ریلیف فراہم کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔
دوسری جانب اسلام آباد میں مبینہ ویزا فراڈ کے باعث طالبہ لائبہ اعجاز کی المناک موت نے بیرونِ ملک تعلیم اور روزگار کے نام پر شہریوں سے رقوم بٹورنے والے عناصر کے خلاف کارروائی کی ضرورت کو ایک بار پھر اجاگر کر دیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق طالبہ نے امریکا میں اعلیٰ تعلیم کے لیے ایک ایجنٹ کو لاکھوں روپے ادا کیے تھے،جبکہ فراہم کردہ دستاویزات مبینہ طور پر جعلی نکلیں۔ واقعے کی تحقیقات کے دوران پولیس نے مرکزی ملزم کو گرفتار کیا اور قانونی کارروائی شروع کی۔
اس افسوسناک واقعے پر اظہارِ افسوس کرتے ہوئے عوام کو پیغام دیا گیا کہ ویزا، بیرونِ ملک ملازمت یا تعلیمی داخلے کے نام پر کسی بھی شخص کو رقم دینے سے پہلے اس کی قانونی حیثیت اور متعلقہ دستاویزات کی مکمل تصدیق کریں۔
شہری کسی بھی مشکوک ایجنٹ کے جھانسے میں آنے کے بجائے متعلقہ سرکاری اداروں سے رجوع کریں، فراڈ کی صورت میں فوری شکایت درج کروائیں اور قانونی طریقۂ کار اختیار کریں۔
عوام پر زور دیا گیا کہ وہ قانون نافذ کرنے والے اداروں پر اعتماد رکھیں اور کسی بھی غیر قانونی سرگرمی کی اطلاع متعلقہ حکام کو دیں تاکہ دھوکہ دہی میں ملوث عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لایا جا سکے۔
مزید یہ بھی پڑھیں:میرپور پولیس کی بروقت کاروائی، چوری شدہ بکریاں برآمد، دو ملزمان گرفتار ،ساتھی فرار
میرپور پولیس نے جرائم پیشہ عناصر، مبینہ ویزا فراڈ اور شہریوں کو لوٹنے والے گروہوں کے خلاف کارروائیاں جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔




