وزیراعظم شہباز شریف کی محمود اچکزئی سے ملاقات ،دوبارہ مذاکرات کی دعوت

وزیراعظم شہباز شریف نے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کے دوران قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر محمود خان اچکزئی سے غیر رسمی ملاقات کی اور انہیں سیاسی و آئینی معاملات پر دوبارہ مذاکرات شروع کرنے کی دعوت دے دی۔ 

جمعرات کو پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کے دوران وزیراعظم شہباز شریف اور اپوزیشن لیڈر محمود خان اچکزئی کے درمیان ایوان میں مختصر گفتگو ہوئی۔ اس موقع پر دونوں رہنما ایک دوسرے کے قریب بیٹھ کر سرگوشیوں میں تبادلہ خیال کرتے دکھائی د ئیے۔

مزید یہ بھی پڑھیں:خیبرپختونخواسکیورٹی صورتحال: وزیراعظم شہباز شریف نے وفاقی کابینہ کا اہم اجلاس طلب کر لیا

ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے چیف الیکشن کمشنر اور الیکشن کمیشن کے دیگر ارکان کی تقرری کے معاملے پر ایک سال سے جاری تعطل پر تشویش کا اظہار کیا۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ یہ ایک اہم آئینی تقاضا ہے، جسے سیاسی اختلافات سے بالاتر ہوکر پورا کیا جانا چاہیے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم نے محمود خان اچکزئی پر زور دیا کہ چیف الیکشن کمشنر اور الیکشن کمیشن کے دیگر ارکان کی تقرری کے معاملے کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کیلئے پیش رفت کی جائے۔ اس دوران اپوزیشن لیڈر وزیراعظم کی گفتگو سنتے اور اثبات میں سر ہلاتے دکھائی دئیے۔

وزیراعظم کے ایوان سے روانہ ہونے کے بعد مسلم لیگ (ن) کے رہنما حمزہ شہباز بھی محمود خان اچکزئی کی نشست پر پہنچے، جہاں دونوں رہنماؤں کے درمیان خوشگوار انداز میں گفتگو ہوئی۔

دوسری جانب پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں خیبر پختونخوا میں ایمرجنسی کے نفاذ کی توثیق سے متعلق قرارداد بھی منظور کرلی گئی۔ اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور طارق فضل چوہدری نے قرارداد پیش کی۔

قرارداد کے حق میں 214 ارکان نے ووٹ دیا، جبکہ 57 ارکان نے مخالفت کی۔ وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے ایوان کو بتایا کہ آئین کے آرٹیکل 232 کے تحت ایمرجنسی کے نفاذ کے معاملے پر پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں تفصیلی بحث مکمل ہوچکی ہے۔

صدر مملکت آصف علی زرداری نے 11 اکتوبر کو آئین کے آرٹیکل 232 کے تحت خیبر پختونخوا میں ایمرجنسی کے نفاذ کا اعلان کیا تھا۔ وفاقی حکومت نے آئینی تقاضے پورے کرنے کیلئے پارلیمنٹ سے صدارتی اعلان کی توثیق حاصل کرنے کی کارروائی شروع کی تھی۔

مزید یہ بھی پڑھیں:وزیراعظم شہباز شریف نے نیشنل آئی ٹی پارک کا افتتاح کر دیا

اجلاس میں آئینی معاملات پر بحث اور خیبر پختونخوا میں ایمرجنسی کے نفاذ سے متعلق پارلیمانی کارروائی اہم موضوعات رہے۔