آزاد کشمیر میں نئی حکومت کے قیام کے بعد منتخب نمائندوں کی جانب سے عوام کی فلاح و بہبود اور ترقیاتی کاموں کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے۔ اسی سلسلے میں حلقہ کھاوڑہ میں وزیرِ برقیات راجہ ثاقب مجید کی خصوصی ہدایت پر ساہلیاں بازار اور محلہ میرہ کے لیے بجلی کا ایک نیا ٹرانسفارمر انتہائی قلیل مدت میں منظور کر کے فوری طور پر ساہلیاں پہنچا دیا گیا اور اسے کامیابی کے ساتھ نصب بھی کر دیا گیا ہے۔
بروقت منظوری اور محکمہ برقیات کی فوری کارروائی:
عوامی حلقوں کے مطابق اس نئے ٹرانسفارمر کی منظوری محض چار روز قبل ہی وزیرِ برقیات راجہ ثاقب مجید سے حاصل کی گئی تھی، جس پر محکمہ برقیات نے مثالی پھرتی کا مظاہرہ کرتے ہوئے فوری کارروائی کی اور ٹرانسفارمر کو تنصیب کے بعد فعال کر دیا۔ اس اقدام سے علاقے کے مکینوں کو بجلی کے حوالے سے درپیش مشکلات کا فوری ازالہ ہو گیا ہے جس پر عوام نے اطمینان کا اظہار کیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:منتخب رکن اسمبلی ثاقب مجید راجہ کی کامیابی الیکشن کمیشن میں چیلنج
وزیرِ برقیات راجہ ثاقب مجید کا عزمِ نو:
اس موقع پر وزیرِ برقیات راجہ ثاقب مجید نے حلقہ کھاوڑہ کے عوام کو پرخلوص یقین دہانی کرائی ہے کہ وہ اپنی پانچ سالہ آئینی مدت کے دوران علاقے کے تمام دیرینہ مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کریں گے۔ انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ عوام کو بنیادی اور ضروری سہولیات کی فراہمی کے لیے ہر ممکنہ اور بھرپور اقدامات اٹھائے جائیں گے، اور حلقہ کھاوڑہ کے عوام کو درپیش تمام مشکلات کا مستقل ازالہ کیا جائے گا۔




