آپریشن ردالفتنہ 3کے تحت واشک میں آپریشن، فتنہ الہندوستان کے 5 دہشتگرد جہنم واصل

واشک :سکیورٹی فورسز نے آپریشن ردالفتنہ 3کے تحت واشک کے علاقے پلانتک میں ناکہ بندی کے دوران بلوچ عوام کو لوٹنے، خوف و ہراس پھیلانے اور انفراسٹرکچر کو نقصان پہنچانے والے فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں کی موجودگی کی خفیہ اطلاعات پر انتہائی کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا۔

سکیورٹی ذرائع کے مطابق فورسز نے کارروائی کے دوران علاقے میں موجود QRF نے جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے دہشت گردوں کے ٹھکانوں کی نشاندہی کرکے انہیں جدید ہتھیاروں سے نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں 5 دہشت گرد جہنم واصل اور 4 زخمی ہوئے، جبکہ ان کے قبضے سے جدید اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: ڈیرہ اسماعیل خان میں سیکیورٹی فورسز کی بڑی کارروائی، 3 اہم سرغنہ سمیت 8 دہشتگرد ہلاک

 جدید اسلحہ اور گولہ بارود میں RPG-7 کے 5 گولے، میگزینز سمیت 5 جدید ہتھیار ، 3 موبائل فون اور 2 موٹر سائیکلیں شامل ہیں۔ برآمد شدہ اسلحہ اور گولہ بارود بلوچ عوام کی ٹارگٹ کلنگ میں استعمال کیا جانا تھا۔

 واضح رہے کہ سکیورٹی فورسز کی جانب سے آپریشن ردالفتنہ III کے تحت دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے کارروائیاں بدستور جاری ہیں، جو آخری دہشت گرد کے خاتمے تک جاری رہیں گی۔