رحمان بابا ایکسپریس کو حادثہ کیسے پیش آیا؟ رپورٹ میں اہم انکشاف

کراچی سے پشاور جانے والی رحمان بابا ایکسپریس کو پیش آئے حادثے کی ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ سامنے آ گئی۔حادثے میں 5افراد جاں بحق اور 41 زخمی ہوئے ہیں۔

رحمان بابا ایکسپریس حادثے کی ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ کے مطابق ٹرین کے انجن کے بعد دوسری بوگی کے بریکنگ سسٹم کا آہنی راڈ ریلوے کراسنگ کے سوئچ میں پھنساجس کے باعث بوگی الٹ گئی۔

یہ بھی پڑھیں:رحمان بابا ٹرین کی 15 بوگیاں پٹری سے اتر گئیں، 5 مسافر جاں بحق اور 30 زخمی

رپورٹ کے مطابق آہنی راڈ پھنسنے سے پیش آنے والے حادثے کے نتیجے میں دوسری بوگی الٹ گئی تھی جبکہ اس کے پیچھے آنے والی تمام 13 بوگیاں بھی پٹڑی سے اتر گئیں۔

ریلوے انکوائری رپورٹ میں حادثے کی ابتدائی وجہ بریکنگ سسٹم کے آہنی راڈ کا ایک حصہ کراسنگ کے سوئچ میں پھنسنا قرار دیا گیا۔

گزشتہ روز پیش آنے والے حادثے پر ریلوے انتظامیہ کا کہنا تھا کہ ٹرین میں 500 سے 600 لوگ سوار تھے جنہیں بوگیوں سے نکالا گیا جبکہ ایک بوگی کو کاٹ کر مسافروں کا نکالنا پڑا۔

حادثے کے بعد کراچی سے لاہور آنے والی جعفر ایکسپریس اور تیز گام ایکسپریس کا شیڈول متاثر ہوا۔

 ریلوے حکام کے مطابق دونوں ٹرینوں کا روٹ تبدیل کیا گیا جس کی وجہ سے دونوں ٹرینیں اپنے مقررہ وقت سے تاخیر سے لاہور پہنچیں۔

یہ بھی پڑھیں:وزیر ریلوے حنیف عباسی کا وزیراعظم کی ہدایت پر 2 ٹرینیں بحال کرنے کا اعلان

وزیر ریلوے حنیف عباسی نے حادثے کے مقام کے دورے پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ قیمتی جانوں کے ضیاع پر دلی افسوس ہے۔

 وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر حادثے کی مکمل تحقیقات اور ذمہ داروں کے خلاف کارروائی ہو گی۔ ریلوے ٹریک کی بہتری اور مسافروں کا محفوظ سفر میری اولین ترجیح ہے۔