مظفرآباد (کشمیر ڈیجیٹل) محکمہ جنگلات کی چھاپہ مار ٹیم نے غیر قانونی لکڑی کی سمگلنگ کیخلاف کارروائی کرتے ہوئے گوجرہ کے مقام پر ناکہ لگا کر سوزوکی نمبر 186 اے جے کے کو ضبط کر لیا۔
گاڑی سے قیمتی لکڑی کے 49 تیار شدہ فریم اور تختے برآمد کرکے تحویل میں لے لئے گئے، جبکہ ڈرائیور اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے موقع سے فرار ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق ناظم اعلیٰ جنگلات علاقائی ملکہ اسد کی ہدایت پر ناظم جنگلات میر نصیر کی نگرانی میں متمم جنگلات نے ٹیم کے ہمراہ چھاپہ مارا
مزید یہ بھی پڑھیں:وادی نیلم:ٹراؤٹ مچھلی کے شکارکیلئے روزانہ کی بنیاد پر لائسنس کا اجرا شروع
راجہ سہیل ناصر خان نے فارسٹ گارڈز مظہر شاہ، فہد جہانگیر، کاشف زمان، جانزیب خان اور ابرار اعوان کے ہمراہ علی الصبح گوجرہ کے مقام پر ناکہ بندی کی۔
اس دوران مخبر کی اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے تیار شدہ لکڑی کے فریم اور تختے لے جانے والی سوزوکی کو قبضے میں لے لیا گیا۔
محکمہ جنگلات کے مطابق ضبط شدہ گاڑی اور لکڑی کو محکمہ جنگلات یو ٹی ڈویژن میں جمع کرا دیا گیا ہے۔
مزید یہ بھی پڑھیں:سپریم کورٹ بار الیکشن،سردار شوکت علی ایڈووکیٹ سیکرٹری جنرل منتخب
چھاپہ مار ٹیم مبینہ طور پر طویل عرصے سے غیر قانونی لکڑی کی سمگلنگ میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائی کیلئے متحرک تھی۔
دوسری جانب عوامی و سماجی حلقوں نے محکمہ جنگلات کی کارروائی کو سراہتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ غیر قانونی لکڑی کی کٹائی اور سمگلنگ میں ملوث عناصر کیخلاف کارروائیوں کا دائرہ مزید وسیع کیا جائے
تاکہ جنگلات کی حفاظت یقینی بنائی جا سکے اور قیمتی قومی وسائل کے ضیاع کو روکا جا سکے۔




