شہباز شریف

پاکستان ہر مشکل گھڑی میں سعودی قیادت اور عوام کیساتھ کھڑا ہے:وزیراعظم شہباز شریف

وزیراعظم شہباز شریف نے سعودی عرب پر حوثی ملیشیا کے حملوں کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے شہریوں کی ہلاکتوں اور زخمی ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے واضح کیا ہے کہ پاکستان مشکل کی اس گھڑی میں سعودی عرب کی قیادت اور عوام کے ساتھ کھڑا ہے۔

وزیراعظم نے اپنے بیان میں کہا کہ سعودی عرب پر حملے قابلِ مذمت ہیں اور ان کے نتیجے میں انسانی جانوں کا ضیاع باعثِ تشویش ہے۔ پاکستان سعودی عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتا ہے اور خطے میں امن و استحکام کیلئے اپنی حمایت جاری رکھے گا۔

مزید یہ بھی پڑھیں:خیبرپختونخوا کی صورتحال ،وزیراعظم شہباز شریف کا صدر زرداری سے جلد دوبارہ ملاقات کرنے کا فیصلہ

شہباز شریف نے سعودی افواج اور اتحادی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں، بروقت کارروائی اور مستعدی کو سراہتے ہوئے کہا کہ دفاعی اہلکاروں نے متعدد بیلسٹک میزائلوں کو فضا ہی میں تباہ کرکے اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔ ان کے مطابق سعودی عرب کے دفاع کے لیے کی جانے والی کوششیں قابلِ تحسین ہیں۔

وزیراعظم نے مکہ جوائنٹ ڈیفنس معاہدے کے تحت سعودی عرب کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان سعودی عرب کے اپنے شہریوں، شہروں اور اہم تنصیبات کو محفوظ بنانے اور دفاع کرنے کے حق کی مکمل حمایت کرتا ہے۔

انہوں نے حوثی ملیشیا پر زور دیا کہ وہ سعودی عرب کے خلاف حملے فوری طور پر بند کرے اور ایسے اقدامات سے گریز کرے جن سے خطے میں کشیدگی مزید بڑھنے کا خدشہ ہو۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات باہمی اعتماد، تعاون اور دیرینہ برادرانہ رشتوں پر استوار ہیں۔ پاکستان ہر خطرے اور مشکل صورتِ حال میں سعودی عرب کے شانہ بشانہ کھڑا رہے گا۔

مزید یہ بھی پڑھیں:ہونہار اور مستحق طلبہ کو جدید تعلیم کی فراہمی اولین ترجیح ہے، وزیراعظم شہباز شریف

وزیراعظم کے اس بیان میں سعودی عرب کی سلامتی، خودمختاری اور علاقائی استحکام کے لیے پاکستان کی حمایت کو ایک بار پھر نمایاں کیا ہے۔