بھمبر(کشمیر ڈیجیٹل)وزیر صحت ڈاکٹر مصطفیٰ بشیر عباسی نے ایم ایل اے چوہدری محمد رزاق کے ہمراہ ڈی ایچ کیو ہسپتال بھمبر میں قائم چنار فری ڈائیلائسز سنٹر کا دورہ کیا۔
وزیرصحت نے مریضوں کی عیادت، علاج کی سہولیات اور دستیاب طبی وسائل کا جائزہ لیا، مریضوں اور ان کے لواحقین سے ملاقات، تمام تر ممکنہ تعاون کی یقین دہانی۔
وزیر صحت ڈاکٹر مصطفیٰ بشیر عباسی کی آمد پر چنار فری ڈائیلاسز سینٹر بھمبرکی انتظامی ٹیم نے صدر چنار فری ڈائیلاسز سینٹر چوہدری موسیٰ جان کی قیادت میں خوش آمدید کہا۔
سینئرنائب صدر راجہ التماس خان، نائب صدر محمد جاوید، سیکرٹری جنرل چوہدری عتیق الرحمٰن برسالوی، ڈپٹی جنرل سیکرٹری حافظ عاطف امانت اور سیکرٹری نشر و اشاعت ناصر شریف بٹ و دیگر نے سنٹر کے حوالہ سے بریفنگ دی۔
مزید یہ بھی پڑھیں:بھارتی ماہرین کی پاکستان مخالف گمراہ کن پروپیگنڈے پرکڑی تنقید
وزیر صحت نے ڈائیلائسز سنٹر میں زیر علاج مریضوں کی عیادت کرتے ہوئے ان کی خیریت دریافت کی اور علاج معالجے کے حوالے سے فراہم کی جانے والی سہولیات کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔
انہوں نے مریضوں اور ان کے لواحقین سے بھی گفتگو کی اور ان کے مسائل سنے۔اس موقع پر وزیر صحت نے کہا کہ حکومت آزادکشمیر عوام کو معیاری اور بروقت طبی سہولیات کی فراہمی کیلئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کر رہی ہے۔
گردوں کے امراض میں مبتلا مریضوں کو ڈائیلائسز کی سہولت کی فراہمی ایک اہم انسانی اور طبی ضرورت ہے، جس کے لیے دستیاب وسائل کو بروئے کار لایا جائے گا۔
مزید یہ بھی پڑھیں:زلزلے کے دوران جنرل مشرف کاکردارسنہری حروف میں لکھا جائےگا،فاروق حیدر
انہوں نے چنار فری ڈائیلائسز سنٹر کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ مریضوں کو علاج کے دوران درپیش مسائل کے حل اور طبی سہولیات میں بہتری کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا۔
حکومت صحت کے شعبہ میں جدید سہولیات کی فراہمی اور عوام کو علاج معالجے کی بہتر سہولیات ان کی دہلیز تک پہنچانے کیلئے پرعزم ہے۔
اس موقع پر ہسپتال انتظامیہ کی جانب سے وزیر صحت کو ڈائیلائسز سنٹر، مریضوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات، مشینری، عملہ اور دیگر امور کے حوالے سے بریفنگ بھی دی گئی۔وزیر حکومت نے یاداشتی دستخط بھی کیئے،تاثرات قلمبند کیئے۔




