نیلم (کشمیر ڈیجیٹل ) حکومت آزاد کشمیر کے 100 روزہ اصلاحاتی پروگرام کے تحت وادی نیلم میں سیاحت کے فروغ کیلئے بڑااقدام اٹھا لیا۔
قدرتی حسن کو سیاحوں کیلئے مزید پرکشش بنانے ، نئے سیاحتی مقامات کو ترقی دینے کے سلسلے میں محکمہ سیاحت آزاد کشمیر کی سرگرمیاں تیز کردی گئیں۔
اس سلسلے میں ڈائریکٹر جنرل سیاحت آزاد کشمیر شاہد حسین نے وادی نیلم کے اہم سیاحتی مقامات کا دورہ کیا اور مجوزہ سیاحتی منصوبوں کے لیے مختلف مقامات کا جائزہ لیا۔
دورے کے دوران ڈائریکٹر جنرل سیاحت شاہد حسین نے کیل کے قریب واقع معروف قدرتی سیاحتی مقام اڑنک میں مجوزہ سیاحتی پارک کیلئے مختص کئے جانیوالے مقام کا معائنہ کیا۔
اس موقع پر اسسٹنٹ ڈائریکٹر سیاحت ملک مرتضیٰ اور سیاحت آفیسر خواجہ رئیس نے انہیں علاقے کی جغرافیائی اہمیت، قدرتی خوبصورتی، سیاحتی امکانات اور مجوزہ منصوبے سے متعلق مختلف امور پر تفصیلی بریفنگ دی۔
مزید یہ بھی پڑھیں:کالعدم عوامی ایکشن کمیٹی کے کور ممبر توصیف جرال کا رہائی کے بعد کمیٹی سے علیحدگی کا اعلان
بریفنگ کے دوران علاقے میں سیاحوں کے لیے بنیادی سہولیات کی فراہمی، قدرتی ماحول کے تحفظ اور سیاحتی سرگرمیوں کو منظم انداز میں فروغ دینے کے امکانات کا جائزہ لیا گیا۔
مجوزہ سیاحتی پارک کے قیام کا مقصد علاقے کی قدرتی خوبصورتی کو اجاگر کرنے کے ساتھ ساتھ وادی نیلم میں سیاحت کے نئے مواقع پیدا کرنا اور مقامی آبادی کیلئے معاشی سرگرمیوں کو فروغ دینا قرار دیا جا رہا ہے۔
ڈائریکٹر جنرل سیاحت نے وادی نیلم کے معروف سیاحتی مقام رتی گلی کا بھی دورہ کیا اور وہاں سیاحت کے فروغ کے امکانات کا جائزہ لیا۔
رتی گلی اپنی قدرتی خوبصورتی، سرسبز پہاڑی مناظر، بلند و بالا پہاڑوں اور دلکش قدرتی ماحول کے باعث ملکی و غیر ملکی سیاحوں کے لیے خصوصی کشش رکھتی ہے۔
اس علاقے میں سیاحتی سرگرمیوں کو مزید منظم بنانے اور سیاحوں کو بہتر سہولیات فراہم کرنے کے حوالے سے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیا گیا۔
مزید یہ بھی پڑھیں:فیفا کی عالمی رینکنگ میں پاکستان فٹبال ٹیم کی ایک درجہ ترقی
وادی نیلم میں سیاحت کے وسیع امکانات کے پیش نظر نئے مقامات کی نشاندہی، مجوزہ سیاحتی منصوبوں کی منصوبہ بندی اور موجودہ سیاحتی مقامات کی بہتری کو اہمیت حاصل ہے۔
سیاحت کے شعبے کو ترقی دینے سے نہ صرف مقامی نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع پیدا ہو سکتے ہیں بلکہ ہوٹلنگ، ٹرانسپورٹ، دستکاری اور دیگر مقامی کاروباری سرگرمیوں کو بھی فروغ مل سکتا ہے۔
محکمہ سیاحت آزاد کشمیر کی جانب سے وادی نیلم کے مختلف مقامات کے دوروں اور جائزوں کو سیاحتی ترقی کے منصوبوں کی تیاری کے سلسلے کی ایک اہم کڑی قرار دیا جا رہا ہے۔
ان اقدامات کی کامیابی کیلئے ضروری ہے کہ سیاحتی منصوبوں میں مقامی آبادی کی مشاورت، قدرتی ماحول کا تحفظ، بنیادی سہولیات کی فراہمی اور پائیدار سیاحت کے اصولوں کو مدنظر رکھا جائے۔




