پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ بولر محمد عامر نے نوجوان وکٹ کیپر بیٹر محمد حارث کو قومی وائٹ بال اسکواڈ میں ایک اور موقع دینے کی حمایت کردی۔
محمد عامر کے مطابق محمد حارث محدود اوورز کی کرکٹ میں پاکستان کے موجودہ وکٹ کیپرز میں بہترین انتخاب ثابت ہوسکتے ہیں۔
مزید یہ بھی پڑھیں:محمد عرفان نے یوراج سنگھ سے متعلق دلچسپ قصہ سنا دیا
سابق فاسٹ بولر نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’’ایکس‘‘ پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے سلیکٹرز کو مشورہ دیا کہ وہ حارث کی ٹیم میں واپسی پر سنجیدگی سے غور کریں۔
محمد عامر نے اپنی پوسٹ میں کہا کہ وائٹ بال فارمیٹ کیلئے دستیاب تمام وکٹ کیپرز میں محمد حارث ان کے نزدیک سب سے موزوں آپشن ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ نوجوان کرکٹر کو دوبارہ موقع دینے کے معاملے پر غور کیا جائے۔
واضح رہے کہ محمد عامر کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب پاکستان کرکٹ بورڈ نے سری لنکا کے خلاف ہوم ٹی ٹوئنٹی سیریز اور ون ڈے سہ فریقی سیریز کیلئے قومی ٹیم کا اعلان کیا ہے۔
اعلان کردہ اسکواڈز میں کئی نمایاں تبدیلیاں دیکھنے میں آئی ہیں۔قومی وائٹ بال ٹیم کے مستقل وکٹ کیپرز محمد رضوان اور عثمان خان کو آئندہ سیریز کیلئے اسکواڈ کا حصہ نہیں بنایا گیا۔
ٹی ٹوئنٹی ٹیم میں خواجہ نافع کو شامل کیا گیا ہے جبکہ ون ڈے اسکواڈ میں غازی غوری اور سعد بیگ کو موقع دیا گیا ہے۔
مزید یہ بھی پڑھیں:پی سی بی : آزاد کشمیر میں کرکٹ ٹرائلز کا باضابطہ شیڈول جاری
اس کے علاوہ ٹی ٹوئنٹی ٹیم کی قیادت میں بھی بڑی تبدیلی کی گئی ہے۔ سلمان علی آغا کو کپتانی کے ساتھ ساتھ اسکواڈ سے بھی باہر کردیا گیا ہے جبکہ صاحبزادہ فرحان کو قومی ٹی ٹوئنٹی ٹیم کی قیادت سونپی گئی ہے۔




