شہری کی شکایت پر ایکشن، ثاقب مجید کا اہلکاروں کیخلاف کارروائی کا حکم

مظفرآباد (کشمیر ڈیجیٹل) دارالحکومت مظفرآباد کے شہری کی جانب سے سوشل میڈیا پر درج کرائی گئی شکایت نے متعلقہ حکام کو متحرک کر دیا۔

وزیر حکومت برقیات و آبی وسائل راجہ ثاقب مجید نے شکایت کا فوری نوٹس لیتے ہوئے ڈپٹی کمشنر آفس کے کمپلینٹ سیل کا اچانک دورہ کیا۔

وزیرحکومت نے شہریوں کی شکایات کے ازالے کیلئے قائم شکایات سیل کا موقع پر جائزہ لیا۔اہلکاروں کی کارکردگی کا بھی جائزہ لیا۔

مزید یہ بھی پڑھیں:فتح4 گراؤنڈ لانچڈ کروز میزائل کے توسیع شدہ ورژن کا کامیاب تجربہ

تفصیلات کے مطابق مظفرآباد کے ایک شہری نے سوشل میڈیا کے ذریعے متعلقہ ادارے کی کارکردگی اور شکایت کے ازالے میں مبینہ تاخیر کے حوالے سے اپنی شکایت حکام تک پہنچائی تھی۔

سوشل میڈیا پر شکایت سامنے آنے کے بعد وزیر حکومت راجہ ثاقب مجید نے معاملے کا فوری نوٹس لیا اور بغیر کسی پیشگی اطلاع کے ڈی سی آفس کمپلینٹ سیل پہنچ گئے۔

وزیر حکومت کے اچانک دورے کے دوران کمپلینٹ سیل میں موجود عملے کی حاضری چیک کی گئی، جبکہ شہریوں کی جانب سے موصول ہونے والی درخواستوں اور شکایات پر ہونے والی پیش رفت کا بھی جائزہ لیا گیا۔

مزید یہ بھی پڑھیں:چکوٹھی : تیز رفتار کار کی ٹکر سے 6 سالہ بچہ جاں بحق، ڈرائیور فرار، مقدمہ درج

راجہ ثاقب مجید نے متعلقہ اہلکاروں سے مختلف شکایات کے بارے میں معلومات حاصل کیں اور یہ جاننے کی کوشش کی کہ شہریوں کی شکایات کے ازالے کے لیے کیا اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

ذرائع کے مطابق دورے کے دوران بعض اہلکاروں کی جانب سے مبینہ غفلت اور فرائض کی انجام دہی میں کوتاہی پر وزیر حکومت نے سخت برہمی کا اظہار کیا۔

انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ شہریوں کی شکایات کو محض کاغذی کارروائی تک محدود رکھنے کے بجائے ان کے فوری اور عملی ازالے کو یقینی بنایا جائے۔

راجہ ثاقب مجید نے واضح کیا کہ سرکاری دفاتر میں آنے والے شہریوں کو غیر ضروری مشکلات کا سامنا نہیں ہونا چاہیے اور عوامی شکایات کے حل میں کسی قسم کی غفلت یا تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی۔

انہوں نے ذمہ دار اہلکاروں کے خلاف ضابطے کے مطابق کارروائی عمل میں لانے کی بھی ہدایت کی۔وزیر حکومت کے اچانک دورے کے بعد متعلقہ افسران بھی متحرک ہوگئے ۔۔

شہری کی شکایت کے ازالے کیلئے فوری اقدامات شروع کر دیئے گئے۔ حکام کی جانب سے شکایت کی نوعیت کا جائزہ لیتے ہوئے متعلقہ محکمے اور اہلکاروں کو ضروری ہدایات جاری کی گئیں۔

شہری حلقوں نے وزیر حکومت کی جانب سے سوشل میڈیا پر سامنے آنے والی شکایت کا فوری نوٹس لینے اور اچانک معائنہ کرنے کے اقدام کو سراہا گیا۔

شہریوں نے امید ظاہر کی کہ اس طرز کی کارروائی سے سرکاری اداروں میں جوابدہی کا عمل مزید مؤثر ہوگا اور عام شہریوں کو اپنی شکایات کے حل کے لیے بہتر سہولیات میسر آئیں گی۔

واضح رہے کہ موجودہ دور میں سوشل میڈیا شہریوں اور حکومتی اداروں کے درمیان رابطے کا ایک اہم ذریعہ بن چکا ہے، جہاں عوام اپنے مسائل اور شکایات براہ راست حکام تک پہنچا رہے ہیں۔

مظفرآباد میں سامنے آنے والا یہ واقعہ بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی قرار دیا جا رہا ہے، جس میں ایک شہری کی سوشل میڈیا شکایت پر اعلیٰ سطح سے فوری کارروائی عمل میں لائی گئی۔