نیلم (کشمیر ڈیجیٹل)مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر کے صدر و ممبر قانون ساز اسمبلی شاہ غلام قادر کی زیر صدارت اہم اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس میں شاہ غلام قادر کو وادی نیلم کے اہم توانائی منصوبے پھلاوئی 3 میگاواٹ بجلی منصوبے پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
اجلاس میں منصوبے کی موجودہ پیش رفت، بجلی کی پیداوار، تعمیراتی امور اور دیگر متعلقہ معاملات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
پاور ڈیویلپمنٹ آرگنائزیشن آزاد کشمیر کے منیجنگ ڈائریکٹر شفیق عثمانی نے اجلاس کو پھلاوئی 3 میگاواٹ بجلی منصوبے کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔
مزید یہ بھی پڑھیں:میرپور:کے پی ایل پریمیئر لیگ فٹبال ٹورنامنٹ کا اعلان
انہوں نے منصوبے پر جاری کام، اب تک ہونے والی پیش رفت، بجلی کی پیداوار سے متعلق امور اور منصوبے سے جڑے دیگر تکنیکی و انتظامی معاملات سے شرکاء کو آگاہ کیا۔
اجلاس میں وادی نیلم میں توانائی کے شعبے سے متعلق مجموعی صورتحال اور عوام کو بجلی کی بہتر سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
مزید یہ بھی پڑھیں:حکومت اور اپوزیشن کے مابین مذاکرات،عمران خان سے ملاقات بارے خبریں بے بنیاد نکلیں
اجلاس میں مسلم لیگ (ن) نیلم کے ضلعی صدر ارسلان خان صدیقی بھی موجود تھے۔
شاہ غلام قادر نے منصوبے کے حوالے سے دی جانے والی بریفنگ پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ توانائی کے منصوبے علاقے کی ترقی اور مقامی آبادی کو بنیادی سہولیات کی فراہمی میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
انہوں نے متعلقہ حکام پر زور دیا کہ منصوبوں کی تکمیل میں مقررہ اہداف اور ٹائم لائنز کو مدنظر رکھا جائے تاکہ عوام کو بجلی کی بہتر اور مؤثر سہولت جلد فراہم کی جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ وادی نیلم میں توانائی کے شعبے سے متعلق منصوبوں پر پیش رفت کو مزید مؤثر بنانے اور درپیش مسائل کے بروقت حل کے لیے متعلقہ اداروں کے درمیان رابطہ اور تعاون ضروری ہے۔
اجلاس کے دوران وادی نیلم میں بجلی کی ضروریات، توانائی کے جاری منصوبوں اور مقامی آبادی کو درپیش مسائل سمیت مختلف امور پر بھی تفصیلی گفتگو کی گئی، جبکہ منصوبوں کی بروقت تکمیل اور عوامی مفاد کو ترجیح دینے کی ضرورت پر اتفاق کیا گیا۔




