آئی سی سی

ورلڈ کپ 2027: ٹکٹ کیلئے درخواستیں 21 نومبر تک جمع ہوں گی،آئی سی سی

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ون ڈے ورلڈ کپ 2027 کے ٹکٹوں کے حصول کیلئے’’ٹکٹ بیلٹ‘‘ کا اعلان کردیا ہے، جس کے تحت دنیا بھر کے شائقین کرکٹ یکم اکتوبر سے 21 نومبر تک ٹکٹوں کیلئے مفت درخواستیں جمع کرا سکیں گے۔

آئی سی سی کے مطابق ٹکٹ بیلٹ میں شرکت کیلئے شائقین سے کسی قسم کی فیس وصول نہیں کی جائے گی۔ اس ابتدائی مرحلے میں شائقین بغیر کسی اضافی قیمت کے اپنی پسند کے میچز کیلئے ٹکٹ حاصل کرنے کی درخواست دے سکیں گے۔

مزید یہ بھی پڑھیں:آئی سی سی اینٹی ڈوپنگ کوڈ کی خلاف ورزی ،قومی کرکٹر محمد نواز پر 3 ماہ کی پابندی عائد

اعلامیے کے مطابق ایک درخواست کے ذریعے کسی ایک میچ کیلئے زیادہ سے زیادہ چار ٹکٹ حاصل کرنے کی درخواست دی جاسکے گی۔ اس کے علاوہ شائقین کو ٹورنامنٹ کے مختلف میچز کیلئے الگ الگ درخواستیں جمع کرانے کی بھی اجازت ہوگی، جس سے انہیں اپنی پسند کے متعدد میچز کیلئے ٹکٹ حاصل کرنے کا موقع ملے گا۔

تاہم آئی سی سی نے واضح کیا ہے کہ صرف درخواست جمع کرانے سے ٹکٹ ملنے کی ضمانت نہیں ہوگی۔ موصول ہونے والی درخواستوں کی بنیاد پر ٹکٹوں کی تقسیم مقررہ طریقہ کار اور قرعہ اندازی کے ذریعے کی جائے گی۔

کرکٹ کی عالمی گورننگ باڈی نے شائقین پر زور دیا ہے کہ وہ درخواست جمع کراتے وقت تمام ضروری معلومات درست انداز میں فراہم کریں اور مقررہ طریقہ کار پر عمل کریں تاکہ ٹکٹ کے حصول کے عمل میں شامل ہوسکیں۔

مزید یہ بھی پڑھیں:آئی سی سی اینٹی ڈوپنگ کوڈ کی خلاف ورزی ،قومی کرکٹر محمد نواز پر 3 ماہ کی پابندی عائد

ون ڈے ورلڈ کپ 2027 کی میزبانی جنوبی افریقہ، زمبابوے اور نمیبیا مشترکہ طور پر کریں گے۔ عالمی ایونٹ کے ٹکٹوں کی فروخت مختلف مراحل میں مکمل کی جائے گی جبکہ موجودہ ٹکٹ بیلٹ اس عمل کا ابتدائی مرحلہ ہے۔ کرکٹ شائقین کی بڑی تعداد کی جانب سے اس ٹکٹ بیلٹ میں شرکت متوقع ہے۔