پاکستان

نورستان تنازع،پاکستان نے افغان طالبان کے دعوے کو مسترد کردیا

اسلام آباد: وزارت اطلاعات و نشریات نے نورستان میں لڑائی کا الزام پاکستان پر عائد کرنے کے افغان طالبان کے دعوے کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ بیانات اندرونی جبر، اختلافات اور عدم استحکام سے توجہ ہٹانے کی کوشش ہیں۔

افغان طالبان کا بیانیہ خود ساختہ قرار

وزارت اطلاعات و نشریات نے نام نہاد افغان وزیر برائے سرحدی امور اور طالبان حکومت کے دیگر ترجمانوں کی جانب سے نورستان میں ہونے والی لڑائی کو پاکستان سے منسوب کرنے کی کوشش کو محض خود ساختہ بیانیہ اور جھوٹ پر مبنی قرار دیا ہے۔

داخلی مسائل سے توجہ ہٹانے کی کوشش

وزارت اطلاعات کے مطابق اس طرح کے بیانات کا مقصد دہشت گردی کی سرپرستی کرنے والی افغان طالبان حکومت کو درپیش سنگین داخلی جبر، اختلافات اور عدم استحکام سے دنیا کی توجہ ہٹانا ہے۔

افغان حکومت کو غیر نمائندہ قرار دے دیا

وزارت اطلاعات کا کہنا ہے کہ حقیقت یہ ہے کہ افغان طالبان کی حکومت غیر نمائندہ ہے جو افغانستان کے عوام پر بزور طاقت مسلط ہے۔

پاکستان مخالف بیان بازی پر ردعمل

وزارت اطلاعات نے بدھ کو سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر اپنی ایک پوسٹ میں کہا کہ اپنے داخلی مسائل کا ذمہ دار بیرونی عناصر کو ٹھہرانے اور پاکستان کے خلاف مسلسل بیان بازی پر مبنی یہ مضحکہ خیز بیانات دراصل اپنے مسائل سے نمٹنے میں مایوسی اور بے بسی کی عکاسی کرتے ہیں۔

طالبان پر دہشت گردی کی معاونت کا الزام

وزارت اطلاعات نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ بدقسمتی سے افغان طالبان دہشت گردی کی اپنی غیر اسلامی معاونت سے دانستہ طور پر غافل ہیں اور اپنے چند رہنماؤں کی ہوسِ اقتدار اور لالچ کی خاطر ہندوتوا ایجنڈے کے آلہ کار بنے ہوئے ہیں۔

خطے میں عدم استحکام کا الزام

وزارت اطلاعات کے مطابق پیسے کے عوض ایجنسیوں کے آلہ کار بن کر خطے کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کا یہ طرزِ عمل طالبان کو خود تباہی کی راہ پر گامزن کر رہا ہے۔

طالبان قیادت پر سخت تنقید

بیان میں کہا گیا ہے کہ مذکورہ طرزِ عمل طالبان کو ایسی راہ پر لے جا رہا ہے جو وقار اور عزتِ نفس سے یکسر عاری ہے۔

پاکستان مخالف بیانیے پر شدید ردعمل

وزارت اطلاعات نے افغان طالبان کے پاکستان مخالف بیانیے کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ داخلی مسائل کا ملبہ بیرونی عناصر پر ڈالنے سے حقیقی مسائل حل نہیں ہوں گے۔

وزارت اطلاعات کا دوٹوک مؤقف

وزارت اطلاعات نے اپنے بیان کے اختتام پر کہا کہ سچ ہمیشہ جھوٹ پرغالب آتا ہے۔

مزید یہ بھی پڑھیں:افغان طالبان کا دعویٰ مسترد،کابل اور ننگرہار میں دھماکے اسلحہ و گولہ بارود کی موجودگی ظاہر کرتے ہیں، وزارت اطلاعات