مظفرآباد (کشمیر ڈیجیٹل) سنٹرل یونین آف جرنلسٹس ضلع مظفرآباد کے نومنتخب عہدیداران نے اپنے عہدوں کا حلف اٹھا لیا۔ حلف برداری کی پروقار تقریب میں سیاسی، صحافتی اور سماجی شخصیات سمیت صحافی برادری کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
مرکزی جائنٹ سیکرٹری مسلم لیگ (ن) ثمر سراج چوہدری نے نومنتخب عہدیداران سے حلف لیا، جبکہ ممبران مجلس عاملہ سے ممبر اسمبلی و مرکزی چیف آرگنائزر پاکستان پیپلز پارٹی سردار مختیار خان نے حلف لیا۔
مزید یہ بھی پڑھیں:گاؤں بنی لنگڑیال میں موسمیاتی تبدیلی سے ہم آہنگ واٹر سپلائی اسکیم کاافتتاح
نومنتخب عہدیداران میں مرزا شہزاد صدر، گلشاد بٹ سینئر نائب صدر، جاوید عباسی نائب صدر، شبیر شاہ سیکرٹری جنرل، رانا الیاس ایڈیشنل سیکرٹری جنرل، محمد اکبر مغل جائنٹ سیکرٹری، مدیحہ عباسی سیکرٹری اطلاعات اور باسر علی سیکرٹری مالیات شامل ہیں۔ ہارون مظفر قریشی اور راجہ عبدالرشید نے ممبران مجلس عاملہ کی حیثیت سے حلف اُٹھایا۔
اس موقع پر صحافیوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ سنٹرل یونین آف جرنلسٹس ضلع مظفرآباد صحافی برادری کے حقوق کے تحفظ، آزادیٔ صحافت کے فروغ اورعوامی مسائل کو اجاگر کرنےکیئے اپنا بھرپور کردار ادا کرے گی۔
مقررین نے نومنتخب عہدیداران کو مبارکباد دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ نئی قیادت صحافیوں کو درپیش مسائل کے حل اور صحافتی یونین کو مزید مضبوط بنانے کیلئے مؤثر اقدامات کرے گی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی جائنٹ سیکرٹری مسلم لیگ (ن) ثمر سراج چوہدری نے نومنتخب عہدیداران کو مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ صحافت معاشرے کا اہم ستون ہے اور صحافی عوام اور حکومتی اداروں کے درمیان رابطے کا مؤثر ذریعہ ہیں، اس لیے صحافی برادری کو درپیش مسائل کے حل کیلئے ہر ممکن تعاون کیا جانا چاہیے۔
ثمر سراج چوہدری نے کہا کہ ذمہ دار اور مثبت صحافت معاشرے میں اصلاح اور شعور اجاگر کرنے میں بنیادی کردارادا کرتی ہے۔ انکا کہنا تھا کہ ثمر فاؤنڈیشن صحافتی مسائل کے حل کیلئے اپنا ہر ممکن تعاون کرے گی۔
ممبر اسمبلی و مرکزی چیف آرگنائزر پاکستان پیپلز پارٹی سردار مختیار خان نے کہا کہ صحافی جمہوری معاشرے میں عوام کی آواز بن کر اپنا کردار ادا کرتے ہیں۔ آزادیٔ اظہار اور آزادیٔ صحافت کا تحفظ جمہوری نظام کی مضبوطی کے لیے ناگزیر ہے۔ انہوں نے نومنتخب عہدیداران اور مجلس عاملہ کے اراکین کو مبارکباد دیتے ہوئے ان کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
تقریب سے بانی سیکرٹری جنرل سنٹرل یونین آف جرنلسٹس واحد اقبال بٹ، مرزا شہزاد، سیکرٹری جنرل مرکزی ایوان صحافت شہزاد لولابی، جاوید چوہدری، راجہ اعجاز اور سید شبیر شاہ نے بھی خطاب کیا۔
مقررین نے کہا کہ صحافی برادری کو متحد ہو کر اپنے اجتماعی مسائل کے حل کیلئے جدوجہد کرنا ہوگی۔ انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ صحافت کے شعبے میں پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کو مقدم رکھتے ہوئے عوامی مسائل کی نشاندہی اور ان کے حل کیلئےمؤثر آواز بلند کی جائے۔
مقررین نے مزید کہا کہ سنٹرل یونین آف جرنلسٹس ضلع مظفرآباد صحافیوں کی فلاح و بہبود، پیشہ ورانہ حقوق کے تحفظ اور صحافتی اقدار کے فروغ کیلئے اپنا کردار جاری رکھے گی۔
مزید یہ بھی پڑھیں:دانش سکول نیلم کیخلاف پروپیگنڈا پر پروجیکٹ منیجر کا ردعمل آگیا
تقریب کے اختتام پر نومنتخب عہدیداران اور ممبران مجلس عاملہ کو حلف اُٹھانے پر مبارکباد دی گئی اور ان کیلئے کامیابی کی دعا کی گئی۔




