وزیراعظم کا ڈی ایچ کیوہسپتال بھمبر کیلئے 100بیڈز ،اینجیوگرافی مشین دینے کا اعلان

بھمبر(کشمیر ڈیجیٹل)وزیراعظم آزادکشمیر افتخار گیلانی نے سپیکر طارق فاروق اور وزراء کے ہمراہ ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز ہسپتال بھمبر کا دورہ کیا، ہسپتال انتظامیہ کی بریفنگ ، سہولیات کا جائزہ لیا۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم آزاد کشمیر افتخار گیلانی نے کہا کہ بھمبر میں کیتھ لیب کو فوری طور پر فعال اور ہسپتال میں سول ورک کو بھی جلد مکمل کروایا جائے گا۔

وزیراعظم افتخار گیلانی کا کہنا تھا کہ سو روزہ پلان کے تحت کیتھ لیب کیلئے انجیوگرافی مشین کی خریداری کا عمل بھی فوری مکمل کریں گے۔

وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ ہسپتال میں مزید 100 بیڈز کا اضافہ کیا جائے گا جن میں 50 بیڈز ایمرجنسی کے ساتھ منسلک کئے جائیں گے۔

مزید یہ بھی پڑھیں:صدر سردارنجیب نقی سے ڈاکٹر مشتاق خان کی اہم ملاقات، راولاکوٹ ایشو حل کرنے کی یقین دھانی

دزیراعظم نے کہا کہ ایمرجنسی سروسز اور ڈائیلاسز سینٹر کیلئے اضافی بجٹ فراہم کیا جائے گا۔ایم ایس ڈاکٹرمحبوب چوہدری نے ڈاکٹرز کی ٹیم کے ہمراہ وزیراعظم کو بریفنگ دی۔

اس موقع پر وزراء حکومت کرنل (ر) وقار احمد نور، ثاقب مجیدراجہ،سردار عمیر نعیم اور دیگر بھی موجود تھے۔

وزیراعظم آزاد کشمیر افتخار گیلانی نے سپیکر طارق فاروق کی خصوصی تحریک پر ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال بھمبر کو چنار فری ڈائیلاسز سینٹر کے بانی غلام احمد چوہدری مرحوم کے نام سے منسوب کر دیا۔

اس سلسلہ میں ڈی ایچ کیو ہسپتال بھمبر میں او پی ڈی کے باہر غلام احمد چوہدری مرحوم کے نام کی یادگاری تختی نصب کی گئی، جس کی نقاب کشائی وزیراعظم فتخار گیلانی نے سپیکر قانون ساز اسمبلی چوہدری طارق فاروق کے ہمراہ کی۔

اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ انسانیت کی بے لوث خدمت کرنے والی شخصیات کو خراج عقیدت پیش کرنے اور ان کی خدمات کو آئندہ نسلوں تک منتقل کرنے کا یہ ایک بہترین طریقہ ہے۔

مزید یہ بھی پڑھیں:بھارت کی جنگی تیاریاں، 160 سمارٹ اینٹی ایئر فیلڈ ویپنز کی خریداری؛ کیا دہلی 2025 کی شکست بھول گیا؟ ماہرین

وزیراعظم نے کہا کہ غلام احمد چوہدری مرحوم نے گردوں کے امراض میں مبتلا مریضوں کے لیے مفت علاج معالجے اور ڈائیلاسز کی جو خدمت کا سلسلہ شروع کیا، وہ آج بھی جاری ہے اور سینکڑوں مریض اس سہولت سے مستفید ہو رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کسی انسان کی وفات کے بعد بھی اس کا فلاحی اور انسانی خدمت کا مشن جاری رہنا اس کے لیے صدقہ جاریہ کی حیثیت رکھتا ہے۔

وزیراعظم آزادکشمیر نے چنار فری ڈائیلاسز سینٹر کی انتظامیہ اور پوری ٹیم کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ گردوں کے مریضوں کو مفت ڈائیلاسز کی سہولت فراہم کرنا ایک عظیم انسانی خدمت ہے۔

انہوں نے ادارے کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے حکومت کی جانب سے ہر ممکن تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔

بعد ازاں وزیراعظم آزادکشمیر نے چنار فری ڈائیلاسز سنٹر کا دورہ کیا اور زیر علاج مریضوں کی عیادت کی۔سپیکر چوہدری طارق فاروق، وزیر توانائی و آبی وسائل ثاقب مجید راجہ ودیگر بھی انکے ہمراہ تھے۔

صدر چنار فری ڈائیلاسز سینٹر موسیٰ جان، سینئر نائب صدر عتیق برصالی، جنرل سیکرٹری راجہ التماس خان اور دیگر انتظامی اراکین نے وزیراعظم کا استقبال کیا۔

وزیراعظم نے ڈائیلاسز سینٹر میں موجود مریضوں سے ملاقات کی، ان کی خیریت دریافت کی اور ان کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی۔ انہوں نے سنٹر میں مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات اور انتظامی امور کا بھی جائزہ لیا۔

اس موقع پر چنار فری ڈائیلاسز سنٹر کی جانب سے گردوں کے مریضوں کو کامیاب اور بلا معاوضہ علاج معالجے کی سہولت فراہم کرنے کے 18 سال مکمل ہونے پر سالگرہ کا کیک بھی کاٹا گیا۔