کوٹلی: وزیراعظم آزاد کشمیر کے دورے کی تیاریاں تیز، ڈپٹی کمشنر محمد عثمان صارم کی زیرِ صدارت اعلیٰ سطحی اجلاس

کوٹلی میں وزیراعظم آزاد کشمیر کے متوقع دورے کی تیاریوں اور انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے ڈپٹی کمشنر کوٹلی محمد عثمان صارم کی زیرِ صدارت ڈپٹی کمشنر آفس میں ضلعی محکموں کے سربراہان کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ضلعی انتظامیہ، پولیس، محکمہ صحت، تعلیم، بلدیات، تعمیرات عامہ، برقیات، شاہرات، ریسکیو، محکمہ مال، اطلاعات سمیت دیگر متعلقہ اداروں کے افسران نے شرکت کی۔

اجلاس کے دوران وزیراعظم آزاد کشمیر کے دورۂ کوٹلی کے ممکنہ پروگرام، عوامی رابطہ، سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات، ٹریفک مینجمنٹ، صفائی ستھرائی، سرکاری تنصیبات کی تزئین و آرائش، استقبال اور پروٹوکول کے امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ افسران کو سختی سے ہدایت کی کہ وزیراعظم کے دورے کے پیش نظر تمام ضروری انتظامات کو وقت سے پہلے حتمی شکل دی جائے اور اس سلسلے میں کسی بھی قسم کی غفلت یا تاخیر کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں:وزیراعظم آزاد کشمیر افتخار گیلانی کا بڑا قدم، زکوٰۃ کونسل تحلیل اور ہزاروں صوابدیدی عہدے دار برطرف

محمد عثمان صارم نے افسران کو ہدایت دی کہ وہ اپنے اپنے محکموں سے متعلق انتظامات کا جامع پلان تیار کر کے ضلعی انتظامیہ کو فراہم کریں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ دورے کے دوران عام شہریوں کو کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے، اس لیے ٹریفک کی روانی، پارکنگ، صفائی اور بنیادی سہولیات پر خصوصی توجہ دی جائے۔ اجلاس میں سیکیورٹی کے انتظامات کا بھی باریک بینی سے جائزہ لیا گیا اور ہدایت کی گئی کہ وزیراعظم اور دیگر اعلیٰ حکام کے روٹس اور پروگرام کے مقامات پر فول پروف سیکیورٹی یقینی بنائی جائے۔ اس کے علاوہ ریسکیو اور محکمہ صحت کو ہنگامی حالات سے نمٹنے کے لیے الرٹ رہنے اور محکمہ اطلاعات کو دورے کی مؤثر میڈیا کوریج اور سرکاری فلاحی سرگرمیوں کو اجاگر کرنے کے لیے اقدامات کی ہدایت کی گئی۔ اجلاس میں قائم مقام ایس پی افتخار احمد خان، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر عفت اعظم، میئر چوہدری محمد تاج سمیت دیگر محکموں کے افسران نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔