نادرا کا شاندار اقدام، فیملی ٹوکن کے ذریعے ون ونڈو سروس کا آغاز

نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے شہریوں کے لیے ایک اور اہم سہولت متعارف کراتے ہوئے مراکز پر آنے والے خاندانوں کے لیے فیملی ٹوکن کا اجراء کر دیا ہے۔ اس نئی سروس کا بنیادی مقصد ایک ہی خاندان کے متعدد افراد کے شناختی دستاویزات سے متعلق تمام امور کو مزید آسان، شفاف اور کم وقت میں مکمل کرنا ہے، تاکہ شہریوں کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

نادرا مراکز پر اس نئی سہولت کے تحت اگر کوئی شہری اپنے اہل خانہ کے ہمراہ مرکز کا رخ کرتا ہے تو اسے اب خاندان کے ہر فرد کے لیے الگ الگ ٹوکن حاصل کرنے کی زحمت نہیں اٹھانی پڑے گی۔ اب خاندان کے تمام افراد کے لیے صرف ایک ہی فیملی ٹوکن لیا جاسکے گا، اور باری آنے پر خاندان کے تمام افراد کی تمام متعلقہ درخواستوں پر ایک ہی ون ونڈو کاؤنٹر سے کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

یہ بھی پڑھیں: نادرا کی جانب سے فنگر پرنٹس مدھم ہونے والے شہریوں کے لیے متبادل سہولت کا اجراء

اس اقدام کے نتیجے میں شہریوں کا قیمتی وقت اور محنت دونوں بچیں گے، کیونکہ مختلف کاؤنٹرز پر بار بار جانے کی ضرورت پیش نہیں آئے گی اور ایک ہی کاؤنٹر پر تمام امور نمٹائے جا سکیں گے۔ نادرا نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ اہل خانہ کے ساتھ مرکز آنے کی صورت میں اس فیملی ٹوکن کی سہولت سے بھرپور فائدہ اٹھائیں۔ مزید رہنمائی یا معلومات کے لیے نادرا کی ہیلپ لائن 1777 یا ان کی آفیشل ویب سائٹ nadra.gov.pk سے بھی رابطہ کیا جا سکتا ہے۔

مزید پڑھیں: نادرا کی بڑی سہولت، برتھ سرٹیفکیٹ کے بغیر بھی شناختی کارڈ بنے گا