خیبرپختونخوا اور صوبہ بلوچستان میں سکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس کی بنیاد پر کی جانے والی کارروائیوں کے دوران فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے مجموعی طور پر 7 دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا ہے۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق باڑہ اور نوکچہ کے علاقوں میں کی جانے والی ان کارروائیوں میں دہشتگردوں کے ٹھکانوں کو مکمل طور پر تباہ کر دیا گیا ہے جبکہ ان کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا ہے۔
سکیورٹی ذرائع نے تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ خیبرپختونخوا کے علاقے باڑہ میں ایک کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے نتیجے میں فتنہ الخوارج کے 5 دہشتگرد مارے گئے۔ اس کارروائی کے دوران سکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں کے ٹھکانوں کا صفایا کرتے ہوئے بڑی مقدار میں اسلحہ بھی اپنے قبضے میں لے لیا ہے۔ دوسری جانب بلوچستان کے ضلع چاغی کے علاقے نوکچہ میں بھی سکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے 2 دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا۔ ان دہشتگردوں نے نوکچہ میں ایک خالی واٹر باوزر کو نذرِ آتش کرنے کے بعد وہاں سے فرار ہونے کی کوشش کی تھی تاہم فورسز نے ان کے ناپاک عزائم کو ناکام بنا دیا۔
یہ بھی پڑھیں: مند :سیکیورٹی فورسز کی کارروائی، ایران فرار ہونے کی کوشش ناکام، ایک دہشتگرد ہلاک
سکیورٹی ذرائع کے مطابق یہ دہشتگرد این 40 شاہراہ کے مختلف مقامات پر آتشزدگی اور تخریب کاری کی دیگر کارروائیوں میں بھی ملوث پائے گئے تھے۔ واضح رہے کہ اس سے قبل 31 اگست کو بھی اسی نوعیت کی تخریبی سرگرمیوں میں ملوث دہشتگردوں کے خلاف کارروائی کی گئی تھی جس میں ایسے ہی 11 عناصر مارے گئے تھے۔ سکیورٹی ذرائع کا عزم دہراتے ہوئے کہنا ہے کہ فورسز ملک سے دہشتگردی کے اس ناسور کے مکمل خاتمے اور خطے میں پائیدار امن کے قیام کے لیے پرعزم ہیں، اور بلوچستان سمیت ملک بھر سے آخری دہشتگرد کے خاتمے تک یہ کارروائیاں بلا تعطل جاری رہیں گی۔




