اسلام آباد(کشمیر ڈیجیٹل) وزیراعظم آزادکشمیر بیرسٹر افتخار گیلانی سے ممبر کشمیر کونسل محمد حنیف ملک نے ملاقات کی۔
ملاقات میں وزیراعظم کے 4 اکتوبر کو دورۂ کوٹلی، دانش اسکول کی سائٹ کے معائنے اور دیگر پروگراموں کے حوالے سےاہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
محمد حنیف ملک نے وزیراعظم آزادکشمیر کو کوٹلی میں وزیراعظم پاکستان کے شاندار تحفے، دانش اسکول کے منصوبے سمیت دورۂ کوٹلی کے مختلف پروگراموں کے حوالے سے تجاویز پیش کیں۔
مزید یہ بھی پڑھیں:جماعت اسلامی جموں وکشمیر کا حافظ ادریس کی وفات پر گہرے دکھ کا اظہار
محمد حنیف ملک نے کہا کہ گزشتہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت میں بحیثیت وزیر تعلیم، وزیراعظم بیرسٹر افتخار گیلانی کی جانب سے محکمۂ تعلیم میں این ٹی ایس پالیسی متعارف کرانے سے محکمۂ تعلیم کو ’’جاب انڈسٹری‘‘ کے تاثر سے نکال کر میرٹ پر مبنی اور عصرِ حاضر کے تقاضوں سے ہم آہنگ اساتذہ کی تقرریوں کا نظام قائم کیا گیا۔
اس اقدام سے نہ صرف تعلیمی معیار میں بہتری آئی بلکہ قابل اور باصلاحیت نوجوانوں کو میرٹ پر شعبۂ تعلیم میں خدمات انجام دینے کے مواقع بھی فراہم ہوئے۔
محمد حنیف ملک نے اس موقع پر وزیراعظم کی توجہ نوجوانوں کو درپیش مسائل کی جانب بھی مبذول کرائی ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:سرکاری ملازمین کی تعلیمی اسناد کی تصدیق 100 روزہ پلان میں شامل کرنے کا مطالبہ
انہوں نے کہا کہ موجودہ ڈیجیٹل دور کی نوجوان نسل کو مؤثر انداز میں قومی دھارے میں شامل کرنے اور ان کی صلاحیتوں سے استفادہ کرنے کیلئے حقائق اور زمینی ضروریات پر مبنی مؤثر یوتھ پالیسی تشکیل دینا انتہائی اہم ہے۔
وزیراعظم آزادکشمیر بیرسٹر افتخار گیلانی نے نوجوانوں کی مؤثر نمائندگی اور انہیں قومی دھارے میں شامل کرنے کی ضرورت سے اتفاق کرتے ہوئے کہا کہ یوتھ پالیسی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے اور نوجوان نسل کو آگے لانے کیلئے مؤثر اقدامات کئے جائیں گے۔
اس موقع پر وزیراعظم آزادکشمیر نے محمد حنیف ملک کو نوجوانوں سے متعلق حکومتی اقدامات میں معاونت کی ہدایت کی۔ جس پر محمد حنیف ملک نے وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا۔




