وزیراعظم گیلانی کا دورہ بھمبر، سپیکر طارق فاروق کو سکیورٹی انتظامات پر بریفنگ

بھمبر (کشمیر ڈیجیٹل) سپیکر آزادجموں و کشمیرقانون سازاسمبلی چوہدری طارق فاروق کی خصوصی دعوت پر وزیراعظم آزاد کشمیر افتخار گیلانی سوموار کو بھمبرمیں پہلے سرکاری دورہ پرپہنچیں گے ۔

وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر افتخار گیلانی پیر 28 ستمبر کو سپیکر آزادجموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی چوہدری طارق فاروق کی خصوصی دعوت پر منصب سنبھالنے کے بعد اپنا پہلا سرکاری دورہ ضلع بھمبر کا کریں گے۔

وزیراعظم کے دورہ بھمبر کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے سپیکر آزادجموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی چوہدری طارق فاروق کی زیر صدارت اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں دورے کے انتظامات، سکیورٹی، ٹریفک اور دیگر امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

سپیکر اسمبلی طارق فاروق کو ڈپٹی کمشنر بھمبر چوہدری محمد طارق نے متعلقہ افسران کے ہمراہ انتظامات کے حوالے سے بریفنگ دی۔

اس موقع پر سپیکر آزادجموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی چوہدری طارق فاروق نے کہا کہ وزیراعظم آزاد کشمیر افتخار گیلانی حکومتی ذمہ داریاں سنبھالنے کے بعد پہلی مرتبہ سرکاری دورے پر 28 ستمبر کو ضلع بھمبر پہنچیں گے۔

دورے کو کامیاب بنانے کے لئے تمام ضلعی افسران و سیاسی ٹیم باہمی کورآڈینیشن سے کام لے تاکہ اس دورے سے حقیقی معنوں میں عوام کو فائدہ ملے۔

سپیکراسمبلی نےاجلاس کے دوران بتایاکہ وزیراعظم اپنے دورہ کے دوران جدید طرز پر تعمیر ہونے والے اسٹیٹ آف دی آرٹ دانش سکول کا دورہ کریں گے۔

جہاں وہ زیر تعمیر منصوبے کا معائنہ، جاری ترقیاتی کاموں کا جائزہ اور متعلقہ حکام سے تفصیلی بریفنگ حاصل کریں گے۔سپیکر چوہدری طارق فاروق نے کہا کہ ضلع بھمبر میں ترقی کا سفر جہاں رکا تھا، وہیں سے دوبارہ آغاز کیا جائے گا۔

گزشتہ پانچ سال کے دوران اجتماعی مفاد کے منصوبوں میں خاطر خواہ پیش رفت نہ ہو سکی، تاہم اب بلدیہ اور ضلع کونسل کی حدود کے علاوہ دیگر شعبہ جات میں ترقی کا رکا ہوا پہیہ دوبارہ چلایا جائے گا۔

وزیراعظم آزاد کشمیر کے 100 روزہ پلان کے تحت تعلیم، صحت، ترقیاتی منصوبہ جات، عوامی فلاحی منصوبوں، سرکاری دفاتر کی تعمیر، گرین بس سروس، ستھرا کشمیر پروگرام، مختلف ہیلتھ یونٹس کی اپ گریڈیشن، سیاحت کے فروغ اور بابا شادی شہید روڈ کی بہتری سمیت مختلف شعبوں میں عملی اقدامات کئے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ عوامی فلاح و بہبود اور اجتماعی مفادات سے متعلق منصوبے ہمیشہ ترجیحات میں شامل رہے ہیں۔ دانش سکول سے ملحقہ آبادی کو متبادل راستے کی فراہمی کے حوالے سے وزیراعظم پاکستان کو بھی مراسلہ ارسال کیا گیا ہے، جبکہ مقامی آبادی کے تحفظات کو ہر صورت مدنظر رکھا جائے گا۔

چوہدری طارق فاروق نے کہا کہ بھمبر شہر میں ٹریفک اور ٹرانسپورٹ کے مسائل کے حل، ٹرانسپورٹ اڈوں کی شہر سے باہر منتقلی اور دیگر شہری مسائل کیلئے شارٹ ٹرم، مڈ ٹرم اور لانگ ٹرم پلان کے تحت اقدامات کئےجائیں گے۔

ٹیکنیکل کالج کو بھی پوری آب و تاب کے ساتھ فعال بنایا جائے گا تاکہ نوجوانوں کو فنی تعلیم اور روزگار کے بہتر مواقع میسر آ سکیں۔

سپیکر آزاد کشمیر نے مزید بتایا کہ وزیراعظم افتخار گیلانی دورہ بھمبر کے دوران ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال بھمبر میں قائم چنار فری ڈائیلاسز سنٹر کا بھی دورہ کریں گے۔

اس موقع پر وزیراعظم مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کا جائزہ لیں گے اور ضلع میں صحت کے شعبہ کو درپیش ضروریات، مسائل اور سہولیات میں بہتری کے حوالے سے متعلقہ حکام سے تفصیلی بریفنگ حاصل کریں گے۔

اجلاس میں ضلعی انتظامیہ، پولیس اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی اور وزیراعظم آزاد کشمیر کے دورہ بھمبر کو منظم انداز میں مکمل کرنے کے لیے انتظامات کو حتمی شکل دینے کے حوالے سے مختلف امور پر غور کیا۔