شہباز شریف

وزیراعظم شہباز شریف کا 5 روزہ دورہ امریکا مکمل،لندن پہنچ گئے

وزیراعظم شہباز شریف امریکا کا پانچ روزہ دورہ مکمل کرنے کے بعد برطانیہ کے دارالحکومت لندن پہنچ گئے۔

وزیراعظم لندن میں دو سے تین روز قیام کریں گے، جہاں ان کے طبی معائنے کا بھی امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

مزید یہ بھی پڑھیں:جلد وزیراعظم شہباز شریف کو لے کر آزادکشمیر آئوں گا،نوازشریف کا نجیب نقی کو فون

ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کل صبح تقریباً 7 بجے لندن کے لوٹن ایئرپورٹ پہنچیں گے۔ لندن میں قیام کے دوران ان کی مختلف مصروفیات متوقع ہیں جبکہ طبی معائنہ بھی شیڈول کا حصہ ہوسکتا ہے۔

وزیراعظم نے دورہ امریکا کے دوران اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی کی اور اپنے خطاب میں عالمی سطح پر امن و سلامتی سمیت اہم علاقائی اور بین الاقوامی معاملات پر پاکستان کا مؤقف پیش کیا۔

شہباز شریف نے اپنے خطاب میں مشرق وسطیٰ کی صورتحال کا بھی ذکر کیا اور تنازعات کے پُرامن حل کیلئے مذاکرات اور ثالثی کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے عالمی امن کے فروغ میں پاکستان کے کردار کو بھی اجاگر کیا۔

دورہ امریکا کے دوران وزیراعظم نے مختلف ممالک کے سربراہان اور عالمی رہنماؤں سے سائیڈ لائن ملاقاتیں بھی کیں، جن میں باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی صورتحال اور عالمی معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے امریکا میں مقیم پاکستانی کاروباری شخصیات اور اوورسیز بزنس فورم کے نمائندوں سے بھی ملاقات کی اور ان کے اعزاز میں منعقدہ عشائیے میں شرکت کی۔

مزید یہ بھی پڑھیں:ہونہار اور مستحق طلبہ کو جدید تعلیم کی فراہمی اولین ترجیح ہے، وزیراعظم شہباز شریف

لندن میں دو سے تین روز قیام کے بعد وزیراعظم شہباز شریف وطن واپس روانہ ہوں گے۔