مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں نواز شریف نے آزاد جموں و کشمیر کے نومنتخب صدر ڈاکٹر محمد نجیب نقی خان کو ٹیلی فون کرکے منصب صدارت سنبھالنے پر مبارکباد دی اور کہا ہے کہ ان کا صدر آزاد کشمیر منتخب ہونا علاقے کے لیے نیک شگون ہے۔
نجی ٹی وی کے مطابق قائد(ن) لیگ میاں نواز شریف نے امید ظاہر کی کہ نومنتخب صدر ڈاکٹر محمد نجیب نقی، وزیراعظم آزاد کشمیرافتخار گیلانی اور کابینہ کے ارکان ایک ٹیم کی صورت میں مل کر آزاد کشمیر کی ترقی اور عوام کی فلاح و بہبود کے لیے کام کریں گے۔
یہ بھی پڑھیں:ڈاکٹر نجیب نقی نے صدارتی عہدے کا حلف اٹھا لیا
انہوں نے کہا کہ وہ بہت جلد وزیراعظم پاکستان شہباز شریف کو ساتھ لے کر آزاد کشمیر آئیں گے تاکہ حکومت کی جانب سے کئے گئے وعدوں کی تکمیل کیلئے صورتحال کا جائزہ لیا جاسکے۔
اس موقع پر صدر آزاد کشمیر ڈاکٹر محمد نجیب نقی خان نے میاں نواز شریف کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ آزاد کشمیر حکومت ان کے وژن اور رہنمائی کے مطابق عوام سے کیے گئے وعدوں کی تکمیل کے لیے کوئی کسر اٹھا نہیں رکھے گی۔
ڈاکٹر محمد نجیب نقی نے کہا کہ حکومت آزاد کشمیر کی تعمیر و ترقی اور عوامی مسائل کے حل کے لیے بھرپور اقدامات کرے گی۔
یاد رہے کہ سینئر سیاستدان ڈاکٹر نجیب نقی خان دو روز قبل 32ووٹ لے کر آزادکشمیر کے صدر منتخب ہوئے ہیں اورکئی سیاسی رہنما انہیں مبارکباد دے چکے ہیں۔وزیراعظم میاں شہبازشریف سے بھی نجیب نقی کو صدر منتخب ہونے پر مبارکباد دی تھی۔
یہ بھی پڑھیں:طبّی تعلیم سے لے کر ایوانِ صدر تک، ڈاکٹر نجیب نقی کا شاندار پارلیمانی اور سیاسی سفر
ڈاکٹر نجیب نقی کا شمار مسلم لیگ(ن) کے سینئر رہنمائوں میںہوتا ہے ، وہ وزیر حکومت بھی رہ چکے ہیں، حالیہ انتخابات میں وہ سدھنوتی سے مسلم لیگ(ن) کے ٹکٹ ہولڈر بھی تھے لیکن پونچھ ڈویژن میں انتخابات نہیں ہوسکے ہیں ، اب سدھنوتی سے مسلم لیگ(ن) کو نیا امیدوار میدان میں اتارنا ہوگا۔




