تحریک انصاف والے بزدل ، دھرنے اور لانگ مارچ سے بھاگ گئے، عطا تارڑ

اسلام آباد(کشمیر ڈیجیٹل)وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ تحریک انصاف بزدل ہے، یہ لانگ مارچ اور دھرنے سے بھاگ گئی ہے، ہمت ہے تو لانگ مارچ کیلئے آئے۔

وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ نعروں سے نہیں ملک کام کرنے سے چلتا ہے، جس سیاستدان کا کام بہتر ہو اسی کو ووٹ دیں، سیاست پر کام کرنا چاہیے لیکن منفی سیاست نہیں کرنی چاہیے۔

عطا تارڑ نے کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت حالات سے لاعلم ہے اور امن و امان کے حوالے سے اقدامات لینے سے گریزاں ہے۔ سوال یہ ہے کہ ایک صوبائی حکومت جس کا اپنے علاقوں میں مکمل اختیار ہے، وہ امن و امان ٹھیک کیوں نہیں کر رہی۔

مزید یہ بھی پڑھیں:سوروزہ اصلاحاتی پروگرام،وزیراعظم نے متعدد اہم منصوبوں کو شامل کرلیا

انہوں نے الزام عائد کیا کہ خیبرپختونخوا حکومت دہشت گردوں کی مکمل سہولتکاری کر رہی ہے۔ خیبرپختونخوا کی جتنی سیاسی جماعتیں ہیں، دہشت گردوں نے سب پر حملے کیے، سوائے پی ٹی آئی کے۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ تحریک انصاف دہشت گردوں کی منظور نظر ہے، نہ صرف وہ دہشت گردوں کی مذمت کرنے سے گریز کرتی ہے بلکہ دہشت گردوں کے خلاف کسی قسم کی کارروائی کرنے سے بھی گریزاں ہے۔

عطا تارڑ نے الزام عائد کیا کہ دہشت گردوں کی سہولتکاری کرنا تحریک انصاف کی پالیسی کا حصہ ہے۔ یہ ٹی ٹی پی کی بی ٹیم اور ٹی ٹی اے کی سی ٹیم ہے۔ خیبرپختونخوا حکومت ٹی ٹی پی کی مکمل سہولتکاری کررہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ سہیل آفریدی اپنے قول و فعل میں صوبے کے وزیراعلیٰ کم اور ٹی ٹی پی کے کمانڈر زیادہ نظر آتے ہیں۔

مزید یہ بھی پڑھیں:ڈاکٹر مصطفیٰ بشیر عباسی کا رول ہیلتھ سنٹر گڑھی دوپٹہ کا دورہ،طبی سہولیات فراہمی کی یقین دھانی

جب افغانستان سے کوہاٹ پر افغانستان سے ڈرون فائر ہوتے ہیں اور پاک فوج انہیں بڑی مہارت سے گراتی ہے تو آپ کو کوئی بھی مذمتی بیان یا کوئی بھی ایسا عمل خیبر پختونخوا کی حکومت سے نظر نہیں آئے گا کہ وہ اس معاملے پر کسی قسم کا کوئی اسٹینڈ لے۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ کرم کے اندر افغانستان کی طرف سے ایف سی اور ہمارے جوانوں پر فائرنگ کی جاتی ہے۔

لیکن صوبائی حکومت کی جانب سے یہ بھی نظر نہیں آتا کہ وہ کرم جائیں اور کہیں کہ ہم اپنے جوانوں اور اپنی فورسز کے ساتھ کھڑے ہیں اور کسی صورت اس طرح کی فائرنگ برداشت نہیں کریں گے۔

عطا تارڑ نے کہا کہ یہ بزدلی کی علامت ہے۔ وزیراعلیٰ سہیل آفریدی، ان کی کابینہ اور پوری تحریک انصاف کی خیبرپختونخوا حکومت نہ صرف بزدل ہیں بلکہ دہشت گردوں کی سہولتکار بھی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اب یہ دھرنوں سے بھی بھاگ گئے ہیں، ہمت ہے تو آؤ اور دھرنا دو۔ ان کی کسی قسم کی تیاری بھی نہیں ہے۔ وہ خیبرپختونخوا سے ہو کر آئے ہیں اور کسی قسم کی تیاری نظر نہیں آئی۔