مظفرآباد (کشمیر ڈیجیٹل)وزیر جنگلات، وائلڈ لائف و فشریز آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر وقار احمد نور نے مرکزی دفتر جنگلات میں محکمہ جنگلات کےاعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کی ۔
مہتمم جنگلات مرکزی دفتر اویس جاوید نے وزیر جنگلات وقار احمد نور کو محکمانہ امور کے بارے میں بریفنگ دی۔
وزیر جنگلات وقار احمد نور نے کہا کہ محکمہ جنگلات کو مکمل طور پر پیشہ ورانہ بنیادوں پر استوار کرنے کیلئے تمام ملازمین اور فیلڈ سٹاف کو جدید پروفیشنل کورسز کروائے جائیں۔
مزید یہ بھی پڑھیں:نیلم ویلی: یوتھ کونسلر مسلم لیگ ن خواجہ باری کی پارٹی رکنیت معطل
انہوں نے متنبہ کیا کہ جنگلات کے تحفظ اور محکمے کی بہتری کے لیے موثر اقدامات یقینی بنایا جائے، اور اس سلسلہ میں کسی بھی سطح پر سستی برداشت نہیں کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ محکمے کی افادیت کو جدید دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کیلئے ملازمین کو فاریسٹ لا قوا نین جنگلات اور محکمے سے متعلق تمام جدید تکنیکی معلومات سے مکمل طور پر روشناس کروایا جائے۔
وزیر جنگلات نے کہا کہ محکمہ جنگلات ایک انتہائی اہم اور تکنیکی محکمہ ہے، جس کی کارکردگی کو مزید بہتر بنانے کے لیے سٹاف کی پیشہ ورانہ تربیت اور استعدادِ کار میں اضافہ ناگزیر ہو چکا ہے۔
انہوں نےکہا کہ فیلڈ اور انتظامی عملے کو جدید سائنسی طریقوں پر مبنی ری فارسٹیشن فنون، شجرکاری اور جنگلات کی افزائش کیلئے خصوصی تربیت اور ریفریشر کورسز فراہم کیے جائیں۔
مزید یہ بھی پڑھیں:خواتین کی خود کفالت،بیک یارڈ پولٹری پروڈکشن فار وویمن منصوبے کا آغاز
تمام ملازمین کو فاریسٹ ایکٹ، وائلڈ لائف پروٹیکشن قوانین اور تجاوزات کے خلاف قانونی عملداری سے متعلق مکمل آگاہی دی جائے تاکہ وہ اپنے فرائض قانونی ضوابط کے مطابق احسن طریقے سے سرانجام دے سکیں۔
انہوں نےکہا کہ فیلڈ آفیسران اور عملے کو جدید میپنگ، جی آئی ایس اور جنگلات کی حفاظت کیلئے استعمال ہونے والے جدید آلات کی تربیت دی جائے۔
وزیر جنگلات نے مزید کہا کہ آزاد کشمیر میں قدرتی وسائل اور جنگلات کا تحفظ ہماری اولین ترجیح ہے۔
ملازمین کو پیشہ ورانہ انداز میں لیس کر کے ہم نہ صرف جنگلات کی کٹائی اور ناگہانی واقعات جیسے آتشزدگی پر مؤثر قابو پا سکتے ہیں بلکہ ریاست میں سبزے کے رقبے کو بھی تیزی سے بڑھا سکتے ہیں۔
اجلاس میں ناظم اعلیٰ جنگلات پرنسپل ڈاکٹر سردار افتخار احمد، ناظم اعلیٰ جنگلات علاقائی ملک اسد محمود، ناظم اعلیٰ جنگلات ترقیات راجہ زاہد حسین کی شرکت۔
پراجیکٹ ڈائریکٹر ڈاکٹر ذاکر حسین، ناظم جنگلات میر نصیر احمد، چیف پلاننگ آفیسر جنگلات سید عتیق الرحمن شیرازی، ناظم جنگلات ارتضیٰ قریشی،ناظم جنگلات ارشد خان سمیت دیگر اعلٰی حکام اور محکمے کے آفیسران بھی موجود تھے۔
وزیر جنگلات نے ہدایات جاری کی ہیں کہ محکمہ کی مجموعی کارکردگی اور بہتری کیلئے تمام ممکنہ اقدامات اٹھائے جائیں گے۔
انہوں نے تمام اہلکاروں اور ملازمین کو تنبیہ کی کہ وہ اپنی ذمہ داریاں مکمل ایمانداری، دیانت داری اور تندہی سے سرانجام دیں، کیونکہ فرائض کی ادائیگی میں کسی بھی قسم کی غفلت یا غلطی کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر جنگلات نے زور دے کر کہا کہ محکمہ جنگلات کے تمام ملازمین کا بنیادی اور اولین فرض جنگلات کا تحفظ اور ان کے رقبے میں اضافہ کرنا ہے۔
انہوں نے آفیسران کو ہدایت کی کہ وہ اپنی تمام تر توجہ اورصلاحیتیں جنگلات کی نگہداشت اورشجرکاری مہمات پر مرکوز رکھیں جبکہ دیگر انتظامی امور کو ثانوی حیثیت دیں۔
وزیر جنگلات نے اعلان کیا کہ محکمہ کے تمام تر ریکارڈ کو جلد از جلد کمپیوٹرائزڈ (ڈیجیٹل) کیا جائے۔ اس اقدام سے نہ صرف انتظامی امور میں بہتری آئے گی ۔ ریکارڈ کی دیکھ بھال اور معائنے میں شفافیت بھی یقینی بنائی جا سکے گی۔




