خواجہ فاروق احمد ساتھیوں سمیت 15روز کیلئے نظربند،راڑہ جیل منتقل

مظفرآباد(کشمیر ڈیجیٹل)پی ٹی آئی رہنما خواجہ فاروق احمد اور تحریک انصاف کے دیگر کارکنوں کو ایم پی او تھری کے تحت 15 روز کیلئے نظر بند کر دیا گیا۔

بانی چیئرمین تحریک انصاف کی کال کے تناظر میں خواجہ فاروق احمد سمیت پی ٹی آئی رہنماؤں اور کارکنوں کی گرفتاری کے بعد ان کی قانونی ٹیم نے عدالت سے رجوع کیا تھا۔

مزید یہ بھی پڑھیں:جہلم ویلی: تجارتی سرگرمیوں کیلئے اوقات کار مقرر، نوٹیفکیشن جاری

عدالت کی جانب سے گرفتار افراد کو پیش کرنے کی ہدایت کے بعد ڈپٹی کمشنر مظفرآباد نے خواجہ فاروق احمد کے خلاف ایم پی او تھری کے تحت 15 روزہ نظر بندی کا حکم جاری کر دیا

ڈپٹی کمشنر مظفرآباد کے حکم پر خواجہ فاروق احمد کو دیگر کارکنوں سمیت راڑہ جیل منتقل کر دیا گیا ہے۔

گزشتہ رات خواجہ فاروق احمد کی طبیعت بھی ناسازی کے باعث پولیس انہیں طبی معائنے، ٹیسٹ اورای سی جی کیلئے کارڈیک ہسپتال لے کر گئی جہاں ان کا طبی معائنہ کیا گیا۔

مزید یہ بھی پڑھیں:انجینئر امیر مقام مظفرآباد پہنچ گئے،کشمیری عوام جلد تبدیلی محسوس کرینگے،وفاقی وزیر

مرکزی رہنما، پاکستان تحریک انصاف آزاد کشمیر خواجہ فاروق احمد کہنا تھا کہ 27 ستمبر کی کال کے حوالے سے کارکنان کی گرفتاریوں کے باوجود اپنے مؤقف پر قائم ہیں۔

خواجہ فاروق احمد کا کہنا تھا کہ حکومت کے جبری اقدامات عوام کو عمران خان کی حمایت سے دور نہیں کر سکتے۔

انہوں نے کہا کہ ان شاء اللہ عوام اپنے آئینی، جمہوری اور سیاسی حقوق کے لیے آواز بلند کریں گے اور ملک میں حقیقی جمہوریت کی جدوجہد جاری رہے گی۔