وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے غریب و متوسط طبقے کے لیے پیٹرولیم سبسڈی اسکیم میں مزید سہولت دے دیدی گئی اور ان کی ہدایت پر پیٹرول سبسڈی اسکیم میں رجسٹریشن کے میسج کو بالکل مفت کردیا گیا ہے۔
وزیراعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم کی ہدایت پر پیٹرول سبسڈی اسکیم میں رجسٹریشن کا پیغام اب بالکل مفت بھیجا جاسکے گا، اسکیم کے تحت موٹر سائیکل، رکشہ اور 800 سی سی تک کی گاڑیوں کے مالکان کو فیول سبسڈی فراہم کی جا رہی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:پیٹرول 43 پیسے سستا،ڈیزل 3روپے 43 پیسے مہنگا، نوٹیفکیشن جاری
پیٹرول سبسڈی اسکیم کے تحت پورے ملک بشمول آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان میں وزیرِ اعظم فیول سبسڈی سکیم کے تحت عوام تک ریلیف پہنچایا جا رہا ہے۔
رجسٹریشن کے لیے پہلے ‘REG’ لکھ کر اسپیس دی جائے، اس کے بعد شناختی کارڈ نمبر، گاڑی کا نمبر پلیٹ، رجسٹریشن کے صوبے کے نام کا پہلا حرف اور گاڑی کی رجسٹریشن کی تاریخ درج کرکے 9771 پر مفت پیغام بھیجا جائے۔
وزیراعظم آفس کے مطابق فیول سبسڈی اسکیم کی مکمل تفصیلات ویب سائٹ www.pmfuelrelief.pk پر بھی دستیاب ہیں۔
واضح رہے کہ 13 ستمبر کو وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے اعلان کردہ خصوصی پیٹرول ریلیف اسکیم کے تحت ملک بھر میں رات 12 بجے سے پیٹرول پر 100 روپے فی لیٹر سبسڈی کا آغاز ہوگیا ہے، خصوصی پیٹرول ریلیف اسکیم کے تحت موٹر سائیکل، رکشہ اور چنگچی کے لیے ماناہ 20 لیٹر پیٹرول جب کہ 800 سی سی تک کی گاڑیوں کے لیے ماہانہ 30 لیٹر پیٹرول پر سبسڈی دی جائے گی۔
یہ بھی پڑھیں:ڈیزل 500اور پیٹرول کی قیمت 430 روپے لیٹر تک جا سکتی، حفیظ پاشا
پہلے مرحلے میں اسلام آباد کے شہریوں کو یہ سہولت فراہم کی گئی تھی جب کہ اب ملک کے چاروں صوبوں، آزاد کشمیر اور گلگت بلستتان میں بھی اسکیم کا آغاز کردیا گیا ہے۔




