نادرا شناختی کارڈ

نادرا کا بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے لیے اہم انتباہ، غیر مجاز ایجنٹس سے دور رہنے کی ہدایت

نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) کی جانب سے بیرون ملک مقیم تمام پاکستانی شہریوں کے لیے ایک انتہائی اہم پیغام جاری کیا گیا ہے جس میں انہیں غیر مجاز ایجنٹس اور اداروں سے مکمل طور پر محتاط رہنے کی سخت ہدایت کی گئی ہے۔

نادرا نے خصوصی طور پر متحدہ عرب امارات (یو اے ای)، اٹلی اور پرتگال میں مقیم پاکستانیوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ نادرا اور پاسپورٹ سے متعلقہ خدمات فراہم کرنے والے کسی بھی غیر مجاز ایجنٹ یا ادارے کے ساتھ ہرگز کسی قسم کا مالی یا کاروباری لین دین نہ کریں۔

یہ بھی پڑھیں: خواتین کے لیے بڑی خوشخبری، نادرا کی جانب سے جونیئر ایگزیکٹو کی آسامیوں کا اعلان

غیر قانونی ایجنٹس کا مکروہ دھندہ اور مالی استحصال

نادرا کی جانب سے فراہم کردہ تفصیلات کے مطابق بعض غیر قانونی ایجنٹس سادہ لوح شہریوں سے ان کی مطلوبہ خدمات کے عوض مقررہ سرکاری فیس سے کہیں زیادہ رقم وصول کر رہے ہیں۔ اس کے علاوہ ان غیر مجاز عناصر کے ذریعے شہریوں کی انتہائی اہم اور خفیہ شناختی معلومات کے غلط استعمال یا چوری ہو جانے کا شدید خدشہ بھی ہر وقت موجود رہتا ہے۔

ادارے نے اس بات کا واضح طور پر اعادہ کیا ہے کہ ایسے تمام غیر مجاز عناصر اور مافیا کے خلاف سخت قانونی کارروائیوں کا آغاز کر دیا گیا ہے تاکہ بیرون ملک پاکستانیوں کو دھوکہ دہی سے بچایا جا سکے۔

مجاز ذرائع سے ہی رجوع کرنے کی تاکید

نادرا نے بیرون ملک مقیم تمام پاکستانی شہریوں پر زور دیا ہے کہ وہ اپنی شناختی اور پاسپورٹ سے جڑی تمام تر خدمات کے حصول کے لیے صرف اور صرف مجاز اور قانونی ذرائع کا ہی استعمال کریں تاکہ وہ کسی بھی مالی نقصان یا سیکیورٹی رسک سے محفوظ رہ سکیں۔

مزید پڑھیں: حج و عمرہ زائرین اور مسافروں کے لیے نئی پابندی عائد، نادرا ویکسی نیشن سرٹیفکیٹ لازمی قرار