اسلام آباد:وفاقی وزیر مملکت برائے قانون و انصاف بیرسٹر عقیل ملک نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کے بیٹے نائیکوپ رکھنے کے باوجود پاکستان آنے کیلئے ویزا نہ ہونے کا بہانہ بناتے ہیں جبکہ بانی پی ٹی آئی سے ان کے بیٹوں کی دو مرتبہ بات کرانے کی کوشش بھی کی گئی۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر عقیل ملک نے دعویٰ کیا کہ عمران خان کے بیٹوں کا واٹس ایپ نمبر صرف کالنگ پر جاتا ہےجس کی وجہ سے ان سے رابطے میں مشکلات پیش آتی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:عمران خان کے بیٹوں کے نائیکوپ مؤثر ہیں، پاکستان آنے میں کوئی رکاوٹ نہیں، خواجہ آصف
انہوں نے کہا کہ عمران خان کے بیٹوں سے ان کی بات کرانے کی دو مرتبہ کوشش کی گئی تاہم ان کوششوں کے باوجود رابطہ قائم نہیں ہوسکا۔
بیرسٹر عقیل ملک کا کہنا تھا کہ عمران خان کے بیٹوں کے پاس نائیکوپ موجود ہے، اس کے باوجود ان کی جانب سے ویزا نہ ہونے کا موقف اختیار کیا جاتا ہے۔
حالیہ دنوں میں حکومتی حلقوں کی جانب سے بھی یہ موقف سامنے آیا ہے کہ نائیکوپ رکھنے والے عمران خان کے بیٹے پاکستانی شہری کی حیثیت سے پاکستان کا سفر کرسکتے ہیں۔
بیرسٹر عقیل ملک نے کہاکہ پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے ایک بار پھر اداروں کو ٹارگٹ کرنے کی مہم شروع کردی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی جانب سے اداروں پر تنقید اور انہیں نشانہ بنانے کا سلسلہ دوبارہ شروع کیا گیا ہے، جس سے سیاسی ماحول میں کشیدگی پیدا ہوتی ہے۔
بیرسٹر عقیل ملک نے کہا کہ عدالتیں پہلے ہی واضح کرچکی ہیں کہ اگر جیل میں ہونے والی ملاقاتوں کو سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کیا گیا تو ایسی ملاقاتیں روکی جاسکتی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:عمران خان کی قید، ملاقاتوں، طبی سہولیات سے متعلق الزامات مسترد، سی این این کو تفصیلات ارسال
واضح رہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے گزشتہ روز عمران خان اور بشریٰ بی بی کو جیل میں مبینہ قید تنہائی سے متعلق درخواستوں پر فیصلہ سناتے ہوئے جیل حکام کو عمران خان کے اہل خانہ سے ملاقات اور ان کے بیٹوں سے ٹیلی فون پر گفتگو کرانے کی ہدایت کی تھی۔
اس سے قبل سپریم کورٹ بھی عمران خان کو اپنے بیٹوں سے ہفتے میں دو مرتبہ ٹیلی فون پر بات کرنے کی اجازت دینے کی ہدایت کرچکی ہے۔




