خواجہ آصف

عمران خان کے بیٹوں کے نائیکوپ مؤثر ہیں، پاکستان آنے میں کوئی رکاوٹ نہیں، خواجہ آصف

اسلام آباد(کشمیر ڈیجیٹل) وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ بانی  پی ٹی آئی  عمران خان کے بیٹے سلیمان خان اور قاسم خان جب چاہیں پاکستان آسکتے ہیں، دونوں کے نائیکوپ (NICOP) کارڈز مؤثر ہیں اور انہیں پاکستان آنےکیلئے ویزے کی ضرورت نہیں۔

حکومت ویزا دینے سے انکاری نہیں، خواجہ آصف

خواجہ آصف نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ایکس‘ پر اپنے بیان میں کہا کہ عمران خان کے بیٹوں نے آخری مرتبہ 2022 میں نائیکوپ پر پاکستان کا سفر کیا تھا اور وہ آج بھی اسی دستاویز کی بنیاد پر پاکستان آسکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ تاثر درست نہیں کہ حکومت عمران خان کے بیٹوں کو پاکستان آنے کے لیے ویزا جاری نہیں کر رہی۔

نائیکوپ رکھنے والوں کو ویزے کی ضرورت نہیں

وزیر دفاع کے مطابق نائیکوپ رکھنے والے پاکستانی شہریوں کو پاکستان آنےکیلئے ویزا درکار نہیں ہوتا۔ اسی لیے سلیمان خان اور قاسم خان بھی کسی ویزے کے بغیر پاکستان کا سفر کرسکتے ہیں۔

خواجہ آصف نے کہا کہ عمران خان کے خاندان یا پی ٹی آئی کی جانب سے حکومت پر ویزا نہ دینے کا الزام درست نہیں۔

سلیمان اور قاسم کے نائیکوپ کب تک مؤثر ہیں؟

خواجہ آصف کے مطابق سلیمان خان کا نائیکوپ 6 جنوری 2030 تک مؤثر ہے جبکہ قاسم خان کا نائیکوپ 8 نومبر 2032 تک قابلِ استعمال ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ دونوں دستاویزات کی مدت ختم نہیں ہوئی، اس لیے دونوں بیٹے جب چاہیں پاکستان آسکتے ہیں۔

علیمہ خان کا نائیکوپ سے متعلق دعویٰ

واضح رہے کہ عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان اس سے قبل کہہ چکی ہیں کہ عمران خان کے بیٹوں میں سے ایک کا نائیکوپ گم ہوگیا ہے جبکہ دوسرے کو اپنا نائیکوپ کارڈ نہیں مل رہا۔

حکومت اس سے قبل بھی عمران خان کے بیٹوں کو ویزا نہ دینے کے الزامات کو مسترد کرچکی ہے اور انہیں محض پروپیگنڈا قرار دیا گیا تھا۔

بیٹوں کا والد کے طبی معائنے کا مطالبہ

چند روز قبل عمران خان کے بیٹوں سلیمان اور قاسم خان نے ایک آن لائن بریفنگ میں حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا تھا کہ اگر ان کے والد صحت مند ہیں تو ان کا آزادانہ طبی معائنہ کرایا جائے اور اس حوالے سے ثبوت فراہم کیے جائیں۔

دونوں کا کہنا تھا کہ وہ عمران خان کی رہائی اور انہیں مبینہ طور پر مناسب طبی سہولیات نہ ملنے کے معاملے پر ہر ممکن کوشش کریں گے۔ انہوں نے مغربی ممالک کے دارالحکومتوں میں حکومتوں، ارکانِ پارلیمنٹ اور انسانی حقوق کی تنظیموں سے رابطوں کا بھی عندیہ دیا تھا۔

مزید یہ بھی پڑھیں:عمران خان کی صحت کو کوئی مسئلہ نہیں، وزیردفاع خواجہ آصف

قاسم خان کے مطابق انہوں نے امریکا میں پی ٹی آئی کے حامیوں سے بھی بات کی ہے اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے رابطے کی کوشش کی گئی، تاہم ان کے بقول اس وقت ٹرمپ کے مفادات مختلف ہیں۔