ورلڈ کپ فائنل کے بعد جھڑپیں، فیفا کا ارجنٹینا کے کھلاڑیوں کیخلاف سخت ایکشن

فیفا نے ورلڈکپ 2026کے فائنل کے بعد پیش آنے والے واقعات پر ارجنٹینا کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے مڈفیلڈر لیانڈرو پیریڈیز پر 10 میچز کی پابندی عائد کردی۔

فیفا ڈسپلنری کمیٹی نے پیریڈیز پر 90 ہزار امریکی ڈالر جرمانہ بھی عائد کیا ہے جبکہ ان کے ساتھی کھلاڑی ناہوئل مولینا کو 7 میچز کے لیے معطل اور 90 ہزار ڈالر جرمانہ کیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:سپین کے خلاف فائنل میں بدتمیزی پر فیفا ارجنٹینا کے کھلاڑیوں کے خلاف متحرک: تادیبی کارروائی کا آغاز

فیفا کے مطابق اسپین اور ارجنٹینا کے درمیان 19 جولائی کو نیویارک نیو جرسی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے ورلڈ کپ فائنل کے اختتام پر دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں اور آفیشلز کے درمیان جھڑپوں کے واقعات کی تحقیقات کے بعد یہ سزائیں سنائی گئی ہیں۔

تھیاگو الماڈا اور پابلو مارٹن پائز گاویرا کو ایک ایک میچ کی پابندی اور 30 ہزار ڈالر جرمانہ کیا گیا ہے جبکہ ارجنٹینا کے ٹیم آفیشل روبرٹو آیالا کو 3 میچز کیلئے معطل کیا گیا ہے اور ان پر 30 ہزار ڈالر جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔

فیفا نے ارجنٹینا فٹبال ایسوسی ایشن پر مختلف خلاف ورزیوں پر مجموعی طور پر 3 لاکھ 21 ہزار امریکی ڈالر جرمانہ بھی عائد کیا ہے۔

فیفا کے مطابق اے ایف اے کو کھیلوں کے ایونٹ کو اسپورٹس کے منافی مظاہرے کیلئے استعمال کرنے، ٹیم کی بدسلوکی، شائقین کی جانب سے امتیازی نعروں اور اشاروں سمیت سکیورٹی سے متعلق ضوابط کی خلاف ورزی کا ذمہ دار قرار دیا گیا۔

ارجنٹینا کو آئندہ دو ہوم میچز 50فیصد تماشائیوں کی گنجائش کے ساتھ کھیلنے کا حکم بھی دیا گیا ہے تاہم ان میں سے ایک میچ کی پابندی معطل کردی گئی ہے۔

فیفا نے جرمانے میں سے ایک لاکھ ڈالر کی رقم امتیازی سلوک کے خلاف اقدامات کے لیے مختص کرنے کا بھی حکم دیا ہے جبکہ ایک لاکھ ڈالر جرمانے کی سزا بھی معطل رکھی ہے۔

یہ کارروائی ورلڈ کپ فائنل کے بعد پیش آنے والے واقعات کی تحقیقات کیلئے مقرر کیے گئے ڈسپلنری اینڈ ایتھکس پراسیکیوٹر کی رپورٹ جمع ہونے کے بعد کی گئی۔

یہ بھی پڑھیں:اسپین کی جیت کے بعد ہنگامہ آرائی، ارجنٹائن کے لیونڈرو پریڈیس نے ایرک گارسیا کا گلا دبا دیا

فیفا کے مطابق تمام میچز کی پابندیاں متعلقہ قومی ٹیموں کے اگلے میچز میں لاگو ہوں گی، فریقین کو فیصلوں کی وجوہات پر مبنی تفصیلی فیصلہ طلب کرنے کیلئے10 دن کا وقت دیا گیا ہے جبکہ فیفا کے ضابطوں کے تحت ان فیصلوں کے خلاف اپیل بھی کی جاسکتی ہے۔

واضح رہے کہ اسپین نے 19 جولائی کو نیویارک نیو جرسی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے ورلڈ کپ 2026 کے فائنل میں ارجنٹینا کو ایک صفر سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کیا تھا۔