ملائیشیا سے سزا یافتہ افراد کی منتقلی کیلئے بڑی پیشرفت، معاہدہ طے

ملائیشیا کے وزیر داخلہ سیف الدین نصر الدین نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور وزیراعظم شہباز شریف سے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کیں۔

ملائیشیا کے وزیر داخلہ نے اعلیٰ سطح کے وفد کے ہمراہ جی ایچ کیو راولپنڈی کا دورہ کیا جہاں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات کی۔

یہ بھی پڑھیں:اسلامی یونیورسٹی ملائیشیا نے وزیراعظم شہبازشریف کو پی ایچ ڈی کی اعزازی ڈگری سےنواز دیا

آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں علاقائی سکیورٹی کی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

دونوں جانب سے پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان مضبوط اور دیرینہ دوستانہ تعلقات کا اعادہ کیا گیا جبکہ مشترکہ مفادات کے شعبوں میں تعاون اور روابط کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے ملائیشیا کے ساتھ دفاعی تعاون کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔

بعد ازاں ملائیشیا کے وزیر داخلہ نے وزیراعظم شہباز شریف سے بھی ملاقات کی، وزیراعظم نے ملائیشیا کے وزیراعظم داتو سری انور ابراہیم کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے ان کی جلد صحتیابی کے لیے دعا کی۔

ملاقات میں پاکستان اور ملائیشیا کے برادرانہ تعلقات کو تمام شعبوں میں مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے سکیورٹی، تجارت اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون کے فروغ پر زور دیا جبکہ پاکستان کی امن کیلئے کوششوں کی ملائیشیا کی جانب سے حمایت کو سراہا۔

یہ بھی پڑھیں:فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے شامی وزیرِ خارجہ اسعد حسن الشیبانی کی ملاقات

ملائیشیا کے وزیر داخلہ نے وزیراعظم انور ابراہیم کی جانب سے وزیراعظم شہباز شریف کے لیے نیک تمناؤں کا پیغام پہنچایا اور پاکستان کے ساتھ مضبوط دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے میں ملائیشیا کی گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔

ملاقات کے دوران وزیراعظم شہباز شریف کی موجودگی میں پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان سزایافتہ افراد کی منتقلی کے معاہدے پر بھی دستخط کیے گئے معاہدے پر وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور ملائیشیا کے وزیر داخلہ نے دستخط کئے۔ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، طلال چوہدری، طارق فاطمی اور دیگر حکام بھی موجود تھے۔